وفاقی وزیرداخلہ نے منصورہ، لاہور میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سے ملاقات کی ہے، ملاقات کے دوران پاکستان انڈیا کشیدگی، سرحدوں کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
محسن نقوی نے حافظ نعیم الرحمان کو قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں پر بریف کیا، پاکستان کے اصولی موقف اور فیصلوں سے آگاہ کیا ۔ حافظ نعیم الرحمان نے پاکستان کے اصولی موقف کی تائید کی ہے۔ حکومت کی مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے
حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ انڈیا کے معاملے پر پوری قوم یکجا ہے۔ منصورہ میں امیر جماعت اسلامی کے ساتھ ملاقات کے موقع پر سینئر رہنما لیاقت بلوچ بھی موجود تھے۔
دریں اثناء وفاقی وزیرداخلہ نے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے اسلام آباد میں ملاقات کی، ملاقات کے دوران انڈیا، پاکستان کشیدگی، مسئلہ فلسطین اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مزید پڑھیں: پاک فوج نے انڈین جاسوس کواڈ کاپٹر مار گرایا، کس مشن پر تھا؟
محسن نقوی نے مولانا فضل الرحمان کو قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کے بارے میں بھی آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت آگ سے کھیلنے کی کوشش کر رہا ہے، پاکستان کسی بھی مہم جوئی کا پوری قوت سے جواب دے گا۔
اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مودی مسلمان دشمن ہے، اسلام اور مسلمان کے مقابلے میں جہاں کوئی محاذ ملے گا مودی وہاں کھڑا ہوجائے گا۔
محسن نقوی نے مولانا فضل الرحمان کی عیادت بھی کی ۔