نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے انڈیا کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ پہلگام کا واقعہ انڈین فالس فلیگ آپریشن ہے جس کا مقصد دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم سے ہٹانا ہے۔
انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ہمیں مصدقہ اطلاعات ملی تھیں کہ انڈیا 29 اور 30 اپریل کی رات حملے کا منصوبہ بنا رہا تھا تاہم پاکستان الرٹ تھا اور انڈین فضائیہ کی مہم جوئی کو لمحوں میں ناکام بنا دیا گیا۔
اسحاق ڈار نے دوٹوک انداز میں کہا کہ “انہوں نے کوشش کی مگر ہم نے انہیں بھاگنے پر مجبور کر دیا۔”
نائب وزیراعظم نے واضح کیا کہ ہماری آرمی تیار ہے لیکن پاکستان کبھی پہل قدمی نہیں کرے گا مگر اگر انڈیا نے جارحیت کی تو بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے عالمی برادری سے خطے کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا فوری نوٹس لینے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کی اپیل کی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کسی صورت پس پشت نہیں ڈالا جا سکتا، کشمیریوں اور انڈین مسلمانوں پر ہونے والا ظلم فوراً بند ہونا چاہیے۔
انہوں نے باور کرایا کہ سندھ طاس معاہدے کے تحت پاکستان اپنے حصے کا ایک بوند پانی بھی نہیں چھوڑے گا، اور انڈیا اس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنے کا مجاز نہیں۔