Follw Us on:

پاکستان، چین ذمہ دار ممالک، عوام کی فلاح و بہبود ترجیح ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Dgispr

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین دنیا کے دو ذمہ دار ممالک ہیں جن کی اولین ترجیح عوام کی فلاح و بہبود ہے۔

چائنا میڈیا گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے خطے کی صورتحال، پاک چین تعلقات اور انڈیا کے ساتھ کشیدگی جیسے موضوعات پر کھل کر اظہارِ خیال کیا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین خطے میں امن اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں، کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ خوشحالی اور ترقی صرف امن سے ممکن ہے۔

انہوں نے دہشت گردی کو ترقی کی راہ میں رکاوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس لعنت کے خلاف مسلسل جدوجہد کر رہا ہے تاکہ ملک کو خوشحالی کی طرف لے جایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی سرزمین یا سالمیت پر حملہ ہوا تو جواب بے رحم ہو گا، ڈی جی آئی ایس پی آر

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو چین کے ماڈل سے سیکھنا چاہیے، جس نے قلیل عرصے میں ایک بڑی آبادی کو ترقی کے دھارے میں شامل کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام بھی چاہتے ہیں کہ ملک میں استحکام اور ترقی ہو، اور وہ اس سمت میں پُرعزم ہیں۔

انڈیا کے ساتھ کشیدہ تعلقات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ملک کسی دوسرے ملک پر جھوٹے بیانیے اور بغیر ثبوت کے حملہ کرنے کا اختیار نہیں رکھتا۔

انہوں نے کہا کہ انڈیا پڑوسی ممالک پر اجارہ داری قائم کرنے کی کوشش کرتا ہے، لیکن پاکستان ایسے کسی دباؤ یا جارحیت کے سامنے نہ پہلے جھکا ہے اور نہ آئندہ جھکے گا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستانی قوم کی پہچان قربانی، عزم اور شہادت کی خواہش ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وردی چاہے نیلی ہو، سفید ہو یا خاکی، شہادت ہر سپاہی کے لیے اعزاز ہے۔ پاکستانی قوم نے ہر مشکل وقت میں اتحاد اور حوصلے کا مظاہرہ کیا ہے اور دنیا نے اس کا اعتراف بھی کیا ہے۔

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ امن و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرے کیونکہ دنیا کو اس وقت کئی بڑے چیلنجز، خصوصاً موسمیاتی تبدیلی اور بڑھتی ہوئی آبادی، کا سامنا ہے۔

انٹرویو کے اختتام پر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ پاکستان ایک انسان دوست، پرامن ملک ہے جہاں عوام، افواج اور تمام ادارے مل کر ایک مضبوط دیوار کی مانند کھڑے ہیں، اور ان کا مقصد ملک کو دہشت گردی سے مکمل طور پر پاک کرنا ہے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس