پاکستان اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈز کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد یہ طے پایا ہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے جو کہ لاہور میں منعقد ہوں گے۔
پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے دورہ پاکستان کے لیے رضامندی ظاہر کی۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی دبئی کے ایک روزہ خصوصی دورے پر گئے جہاں انہوں نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔
کئی گھنٹوں پر مشتمل ان مذاکرات کے بعد محسن نقوی نے بنگلہ دیشی حکام کو پاکستان میں سیریز کھیلنے پر آمادہ کیا۔
اس پیشرفت کو پاکستان میں عالمی کرکٹ کی بحالی کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔