پاکستان سمیت دنیا بھر میں 20 مارچ کو عالمی خوشی کا دن منایا جاتا ہے۔ اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 12 جولائی 2012 کو 20 مارچ کو خوشی کا عالمی دن منانے کا اعلان کیا اور 2013 میں پہلی بار عالمی یومِ خوشی منایا گیا۔
اس دن کو منانے کا مقصد لوگوں کی زندگیوں میں خوشیوں کو بکھیرنا، ان کی خواہشات کو تسلیم کرنا، وقتی رنجش کو بھلانا، زندگی کے دکھوں اور بوجھ کو دور کہیں قبرستان میں دفن کر کے خوشی کے ساتھ جینا ہے۔
خوشی انسانی زندگی کا ایک بنیادی جذباتی پہلو ہے، جو ہر فرد کے تجربات اور حالات کے مطابق مختلف شکلیں اختیار کرتا ہے، جس کا مقصد لوگوں میں خوشی کے جذبات کو فروغ دینا اور انہیں یہ احساس دلانا ہے کہ خوشی صرف ایک ذاتی تجربہ نہیں، بلکہ یہ ایک سماجی رویہ بھی ہے۔
یہ سال ہمیں یاد دلاتا ہے کہ دیرپا خوشی ایک دوسرے کی دیکھ بھال کرنے، جڑے رہنے اور کسی بڑی چیز کا حصہ بننے سے حاصل ہوتی ہے۔ مگر سوال یہ ہے کہ خوشی درحقیقت ہے کیا؟ کیا اس کا حصول ممکن ہے؟ اور کیا محض ایک دن منانے سے خوشی حاصل کی جا سکتی ہے؟
ماہرینِ نفسیات کے مطابق خوشی ایک پیچیدہ اور ذاتی تجربہ ہے، جو ہر فرد کے لیے مختلف ہو سکتا ہے۔ کچھ افراد کے لیے خوشی کا مطلب ذہنی سکون ہے، جب کہ کچھ کے لیے یہ دولت، کامیابی، یا پسندیدہ افراد کے ساتھ وقت گزارنے سے جڑی ہوتی ہے۔
'پاکستان میٹرز' سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فار ویمن فیصل آباد کی کلینیکل سائیکالوجسٹ اور پروفیسر شمائلہ مہناز کا کہنا تھا کہ خوشی کا براہِ راست تعلق دماغ سے ہے۔ جب کوئی خوش ہوتا ہے، تو اس کے دماغ کو سکون اور جسم کو راحت ملتی ہے۔
ان کے بقول خوشی نہ صرف ذہنی صحت کو بہتر بناتی ہے، بلکہ سوچنے سمجھنے کی صلاحیت کو بھی نکھارتی ہے۔ اگر انسان مثبت سوچ رکھے اور ان کاموں میں خود کو مصروف رکھے جو اسے خوشی دیتے ہیں، تو وہ زیادہ پُرسکون اور صحت مند زندگی گزار سکتا ہے۔

لیکن اس سے یہ سوال جنم لیتا ہے کہ کیا خوشی کا مطلب صرف ذہنی سکون ہے؟
پنجاب یونیورسٹی لاہور کے شعبہ نفسیات کی ایک طالبہ زینب ریاض کے مطابق خوشی کا اصل مطلب ذہنی سکون ہے اور یہ ہر فرد کے لیے مختلف ہو سکتی ہے۔ بعض لوگوں کے لیے خوشی ان کے پیاروں سے جڑے رہنے میں ہے، جب کہ بعض کے لیے خوشی کا دارومدار دولت اور مادی سہولیات پر ہوتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹیکنالوجی اور جدید طرزِ زندگی نے جہاں سہولیات فراہم کی ہیں، وہیں اس نے انسان کو ایک مشین بھی بنا دیا ہے۔ علامہ اقبال نے کہا تھاکہ 'ہے دل کے لیے موت مشینوں کی حکومت۔۔۔ احساسِ مروت کو کچل دیتے ہیں آلات'
انسان نے خود کو ایسی ذہنی الجھنوں اور اداسی میں مبتلا کر لیا ہے جس کی بظاہر کوئی خاص وجہ نہیں ہوتی۔ ڈیجیٹل ترقی نے ہمارے سوشل نیٹ ورکس کو وسیع کر دیا ہے، لیکن اس کے ساتھ ہی ذہنی دباؤ اور سوشل میڈیا کے منفی اثرات نے خوشی کے حصول کو مشکل بنا دیا ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں ہر چوتھا بالغ فرد شوگر کا مریض، شرح کے لحاظ سے دنیا میں پہلا نمبر
یہ بحث طویل عرصے سے جاری ہے کہ آیا دولت خوشی لا سکتی ہے یا نہیں۔ ماہرین کی رائے اس بارے میں تقسیم ہے۔ کچھ کا کہنا ہے کہ بنیادی ضروریات اور مالی استحکام خوشی کے لیے ناگزیر ہیں، جبکہ دیگر ماہرین کا ماننا ہے کہ حقیقی خوشی معاشرتی تعلقات، ذہنی سکون اور اندرونی اطمینان میں ہے۔
2023 میں پیش کی گئی امریکی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق پیسہ خود خوشی نہیں لا سکتا، مگر یہ زندگی میں آسانیاں پیدا کر سکتا ہے۔ جب زندگی میں آسانی ہو، تو ذہنی سکون حاصل کرنا ممکن ہوتا ہے اور ذہنی سکون ہی اصل خوشی ہے۔
پرنسٹن یونیورسٹی کے نوبیل انعام یافتہ ماہرِ نفسیات ڈینیئل کاہنیمن اور یونیورسٹی آف پنسلوانیا کے محقق میتھیو کلنگزورتھ کی تحقیق میں امریکا کے 18 سے 65 سال کی عمر کے 33 ہزار 391 افراد کو شامل کیا گیا۔
اس تحقیق میں اسمارٹ فون ایپ کے ذریعے شرکا سے روزمرہ زندگی اور جذبات سے متعلق سوالات پوچھے گئے اور ان کے جوابات کی بنیاد پر خوشی کی سطح کا جائزہ لیا گیا۔
تحقیق سے معلوم ہوا کہ بیشتر افراد کے لیے آمدنی میں اضافے کے ساتھ خوشی میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ زیادہ آمدنی رکھنے والے افراد نے نسبتاً زیادہ خوشی کا اظہار کیا، تاہم کچھ افراد ایسے بھی تھے جن کے لیے زیادہ پیسہ کمانے سے خوشی میں کوئی خاص اضافہ نہیں ہوا۔ محققین کے مطابق ایسے افراد تحقیق میں شامل شرکا کا تقریباً 15 فیصد تھے۔
میتھیو کلنگزورتھ کے مطابق پیسہ خوشی حاصل کرنے کا واحد راز نہیں، لیکن یہ خوشی کے حصول میں مددگار ضرور ثابت ہوسکتا ہے۔ دوسرے الفاظ میں دولت زندگی کو زیادہ آسان اور آسائشوں سے بھرپور بنا سکتی ہے، مگر خوشی کی ضمانت نہیں دے سکتی۔

عام طور پر یہ کہا جاتا ہے کہ ترقی یافتہ ممالک ترقی پذیر ممالک کے مقابلے میں زیادہ خوشحال ہوتے ہیں۔ اس کی ایک وجہ ان کی بہتر تعلیمی سہولیات، معیاری طرزِ زندگی اور آخرت کی فکر سے آزاد رویہ بتایا جاتا ہے۔
پروفیسر شمائلہ مہناز کا کہنا ہےکہ ترقی یافتہ ممالک میں لوگ زیادہ خوش رہتے ہیں کیونکہ وہ اپنے کام سے کام رکھتے ہیں اور دوسروں کے معاملات میں بے جا مداخلت نہیں کرتے۔ اس کے برعکس، ترقی پذیر ممالک میں خوشی زیادہ تر خاندانی اور سماجی روابط پر منحصر ہوتی ہے۔
ورلڈ ہیپی نیس رپورٹ کے مطابقوہ ممالک جہاں سماجی انصاف، صحت کی سہولیات اور معاشی استحکام موجود ہیں، وہاں خوشی کی سطح بلند ہوتی ہے۔ تاہم، ترقی پذیر ممالک میں خاندانی اور سماجی تعلقات کی مضبوطی کی وجہ سے لوگ زیادہ مطمئن محسوس کرتے ہیں۔
زینب ریاض کے مطابق آج کے دور میں سوشل میڈیا خوشی میں اضافے کے بجائے ذہنی دباؤ کا سبب بن رہا ہے۔ ہم نے سوشل میڈیا پر دوست بنا لیے ہیں، مگر اپنے حقیقی رشتوں سے دور ہو گئے ہیں۔ ہمارا قیمتی وقت، جو ہمارے خاندان کا حق ہے، ہم سوشل میڈیا کو دے رہے ہیں۔ آج ہماری خوشی ایک میسج یا ایک ریپلائی پر منحصر ہو گئی ہے۔ ہم جتنا سوشل میڈیا پر وقت گزارتے ہیں، اتنا ہی ذہنی سکون کھوتے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مچھلی کا تیل جوڑوں کی صحت کے لیے کیسے فائدہ مند ہو سکتا ہے؟
اگر یوں کہا جائے تو بےجا نہ ہوگا کہ خوشی کوئی مستقل چیز نہیں بلکہ ایک مسلسل عمل ہے۔ خوشی کو بڑھانے کے لیے مثبت سوچ اپنانا، چھوٹی چھوٹی خوشیوں کو سراہنا، شکرگزاری کی عادات کو اپنانا،عبادات میں وقت گزارنا اورقریبی لوگوں کے ساتھ زیادہ وقت گزارنا ضروری ہے۔
پروفیسر شمائلہ مہناز کے مطابق انسان تب تک خوش نہیں رہ سکتا، جب تک وہ یہ تہیہ نہ کر لے کہ اس نے خوش رہنا ہے۔ خوشی کا راز دوسروں کی خوشی میں خوشی محسوس کرنا اور مثبت طرزِ فکر اپنانا ہے۔
عالمی یومِ خوشی ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ اصل خوشی دولت یا مادی سہولیات میں نہیں، بلکہ ذہنی سکون اور اچھے تعلقات میں ہے۔ ہمیں اپنی خوشیوں کو دوسروں کے ساتھ بانٹنا چاہیے، کیونکہ ‘شیئرنگ از کیئرنگ’ یعنی خوشی بانٹنے سے بڑھتی ہے۔ ہمیں دوسروں کے لیے خوشیوں کا باعث بننا ہے، کیونکہ زندگی کا اصل مقصد تو دوسروں کے کام آنا ہے۔








