اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور عارف حبیب لمیٹڈ ریسرچ کی جانب سے جاری کردہ ستمبر 2026 کے معاشی اعداد و شمار کے مطابق، ایک سال کے دوران مرکزی حکومت کے مجموعی قرضوں میں 6 ہزار 50 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق ستمبر 2026 میں مرکزی حکومت کا مقامی قرض 57 ہزار 758 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا، جس میں سالانہ بنیادوں پر 8.1 فیصد اضافہ ہوا۔ اسی طرح مرکزی حکومت کا بیرونی قرض بڑھ کر 24 ہزار 900 ارب روپے کی سطح پر پہنچ گیا، جس میں سالانہ بنیادوں پر 7.4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب، ایک ماہ کے دوران مرکزی حکومت کے مجموعی قرضوں میں معمولی کمی بھی دیکھی گئی۔ اگست 2026 کے مقابلے میں ستمبر میں حکومتی قرضوں میں 248 ارب روپے، یعنی 0.3 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق مرکزی حکومت کے طویل مدتی قرضے 47 ہزار 915 ارب روپے، جبکہ قلیل مدتی قرضے 9 ہزار 767 ارب روپے تک پہنچ گئے، جن میں سالانہ بنیادوں پر 16.3 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اس کے علاوہ حکومتی مستقل قرضوں کا مجموعی حجم 44 ہزار 144 ارب روپے، جبکہ وفاقی حکومت کے بانڈز کا حجم 47 ہزار 226 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا۔ حکومتی غیر ادا شدہ قرضوں میں بھی سالانہ بنیادوں پر 9.2 فیصد اضافہ ہوا۔
دریں اثنا، وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ دستاویزات کے مطابق حکومت کے دعویٰ کردہ کفایت شعاری اقدامات کے باوجود سرکاری امور کی انجام دہی اور انتظامی اخراجات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
جولائی تا ستمبر 2026 کے دوران وفاقی حکومت کے امور چلانے کے اخراجات 206 ارب 64 کروڑ روپے رہے، جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یہ اخراجات 161 ارب 18 کروڑ روپے تھے۔
دستاویزات کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ان اخراجات میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 28.21 فیصد اضافہ ہوا۔
ان اخراجات میں وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور مختلف سرکاری اداروں کے روزمرہ آپریشنل معاملات، ملازمین کی تنخواہوں، انتظامی ضروریات اور دیگر سرکاری امور پر آنے والی لاگت شامل ہے۔
مزید برآں، وفاقی حکومت نے مالی سال 2026-27 کے دوران حکومتی امور چلانے کے اخراجات میں مزید اضافے کا تخمینہ لگایا ہے، جبکہ جاری مالی سال کے لیے ان اخراجات کا مجموعی ہدف 1 ہزار 71 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔
تازہ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ اخراجات میں کمی کی کوششوں کے باوجود سرکاری مشینری چلانے پر مالی بوجھ مسلسل بڑھ رہا ہے۔







