الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق پہلے مرحلے میں لاہور سمیت 18 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات ہوں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید 18 اضلاع میں پولنگ کرائی جائے گی۔

پہلے مرحلے میں لاہور، راولپنڈی، مری، چکوال، تلہ گنگ، پاکپتن، سیالکوٹ، اوکاڑہ، راجن پور، نارووال، قصور، بہاولپور، سرگودھا، ڈیرہ غازی خان، تونسہ، لودھراں، حافظ آباد اور بھکر شامل ہیں۔

دوسرے مرحلے میں ساہیوال، گوجرانوالہ، وزیرآباد، بہاولنگر، اٹک، خوشاب، منڈی بہاؤالدین، وہاڑی، جہلم، شیخوپورہ، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، ٹوبہ ٹیک سنگھ، فیصل آباد، ملتان، میانوالی، لیہ، جھنگ، گجرات اور رحیم یار خان میں انتخابات ہوں گے۔

الیکشن کمیشن نے متعلقہ حکام کو انتخابی عمل اور تمام ضروری انتظامی سرگرمیاں مقررہ وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ چیف سیکریٹری پنجاب کو بھی فیصلے سے باضابطہ طور پر آگاہ کردیا گیا ہے۔

بلدیاتی انتخابات کا پس منظر

پنجاب میں آخری بلدیاتی انتخابات 2015 میں ہوئے تھے جبکہ سابق بلدیاتی اداروں کی مدت 2021 میں ختم ہوگئی تھی۔ اس کے بعد سے صوبے میں نئے بلدیاتی انتخابات مختلف قانونی اور انتظامی وجوہات کے باعث تاخیر کا شکار رہے ہیں۔

بلدیاتی انتخابات کی راہ ہموار کرنے کے لیے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 اور پنجاب لوکل گورنمنٹ الیکشن رولز 2026 کی منظوری دی گئی۔

رواں سال اگست میں پنجاب حکومت نے الیکشن کمیشن کو 15 دسمبر 2026 سے 15 جنوری 2027 کے درمیان بلدیاتی انتخابات کرانے کی تجویز دی تھی جس پر کمیشن نے اصولی اتفاق کیا تھا۔

بعد ازاں الیکشن کمیشن نے انتخابی تیاریوں کے سلسلے میں پنجاب حکومت سے مجوزہ شیڈول پر جواب اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، ریٹرننگ افسران اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کی فہرستیں طلب کی تھیں۔

الیکشن کمیشن کے ابتدائی مجوزہ شیڈول میں 14 دسمبر 2026 کو پولنگ کی تجویز بھی شامل تھی تاہم اب صوبائی حکومت کی نئی تجویز منظور کرتے ہوئے انتخابات دو مرحلوں میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔