منگل کو پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ عوام اچھی، مؤثر اور جوابدہ حکومت چاہتے ہیں، جب کہ گڈ گورننس، اصلاحات اور عوامی فلاح و بہبود تمام حکومتوں کے ایجنڈے کا حصہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم کئی دہائیوں سے اس نظام کا حصہ رہے ہیں، اس لیے آج خود کو اس کی کمزوریوں سے الگ نہیں کر سکتے۔ سیاست کی آڑ میں احتساب سے استثنیٰ کی بات کو قانون اور عوام دونوں مسترد کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نیب میں اصلاحات بھی خود کی گئیں اور اب اسی ادارے کو موردِ الزام ٹھہرانا سمجھ سے بالاتر ہے۔ بیک وقت حکومت میں رہ کر حکومتی مراعات اور عہدے برقرار رکھنا اور اپوزیشن کا کردار ادا کرنا واضح تضاد اور دوہرا معیار ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام اور انتظامی اصلاحات پر بحث پارلیمان کے اندر اور باہر جاری رہنی چاہیے۔ سوال یہ ہے کہ کیا لوگوں کی آواز بند کر دی جائے اور انہیں گورننس میں بہتری کی بات کرنے سے روک دیا جائے؟
انہوں نے کہا کہ عوام کیا چاہتے ہیں، اس کا فیصلہ سیاست دانوں نے نہیں بلکہ عوام نے خود کرنا ہے۔ اگر پاکستان اور سندھ کے عوام مزید صوبے چاہتے ہیں تو بنا دیے جائیں، ورنہ نہ بنائے جائیں۔ کسی کو اپنی ذاتی سوچ یا ایجنڈا عوام پر مسلط کرنے کا حق نہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ریفرنڈم آئین کا حصہ اور عوامی رائے جاننے کا آئینی و قانونی طریقہ کار ہے، اس میں کیا حرج ہے؟ ماضی میں اگر ریفرنڈم کا غلط استعمال ہوا تو اس بنیاد پر عوام کو ان کے جمہوری حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ چھوٹے انتظامی یونٹس کے قیام کو تنازع بنانے کے بجائے تعمیری انداز میں دیکھنا چاہیے۔ صوبوں کے معاملے پر خون بہانے کی بات کرنا سیاسی بصیرت اور پختگی کا مظاہرہ نہیں۔ سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے عوام کی رائے جانے بغیر کوئی شخص اپنا ایجنڈا دوسروں پر مسلط نہیں کر سکتا۔
مزید پڑھیں: ملک کے معاشی حالات خراب ہیں، اپنی زندگی میں ایسی صورتحال نہیں دیکھی، بلاول بھٹو
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ہم سب ایک ہی حکومت کا حصہ ہیں، اس لیے عوام کی بہتری اور ملک کے مفاد میں مل بیٹھ کر بات کرنی چاہیے۔ اگر ریفرنڈم عوام کی رائے جاننے کا بہترین ذریعہ ہو سکتا ہے تو اس میں کوئی حرج نہیں۔
صحافیوں کے حقوق کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ میڈیا اور صحافیوں کے تحفظ کے لیے بھرپور کردار ادا کیا جا رہا ہے۔ سندھ میں صحافیوں کے استحصال کے متعدد واقعات کی نشاندہی کی جا سکتی ہے، جن کا نوٹس لیا جانا چاہیے۔ انہوں نے سندھ حکومت پر بھی زور دیا کہ وہ صحافیوں کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس بحث کو ختم کرنے یا عوامی رائے دبانے کا تاثر نہیں جانا چاہیے، بلکہ معاملے پر کھل کر گفتگو ہونی چاہیے اور ہر فیصلے میں عوام کی رائے اور مفاد کو مقدم رکھا جانا چاہیے۔







