نجی نشریاتی اداروں کے مطابق تینوں رہنماؤں کو پشاور ہائی کورٹ کے احاطے سے حراست میں لیا گیا۔ ان کی گرفتاری کے لیے ایس ایس پی آپریشنز خود عدالت پہنچے اور کئی گھنٹے مذاکرات کے بعد انہیں تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کے وارنٹ دکھائے، جس کے بعد تینوں رہنماؤں نے خود گرفتاری دے دی۔
اس سے قبل انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 9 مئی کے ریڈیو پاکستان پشاور حملہ کیس میں تینوں رہنماؤں کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستیں خارج کر دی تھیں، جس کے بعد پولیس نے انہیں حراست میں لینے کی کوشش کی، تاہم وکلا کی مزاحمت کے باعث گرفتاری عمل میں نہ آ سکی۔
بعد ازاں تینوں رہنماؤں نے پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کیا، جہاں چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے ان کی عبوری ضمانت کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے انہیں ضمانتی مچلکے جمع کرانے اور تفتیشی عملے کے ساتھ تعاون کرنے کی ہدایت کی۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت میں سماعت کے دوران ریڈیو پاکستان کے وکیل شبیر حسین گیگیانی نے مؤقف اختیار کیا کہ تینوں رہنما ابتدا میں ایف آئی آر میں نامعلوم ملزمان کے طور پر شامل تھے، تاہم شواہد سامنے آنے کے بعد انہیں مقدمے میں نامزد کیا گیا۔
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کی مبینہ سرگرمیوں سے متعلق ویڈیوز سوشل میڈیا سے حاصل کی گئیں اور ملزمان نے خود انہیں اپ لوڈ کیا تھا۔ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی اور نادرا نے بھی ویڈیوز کی تصدیق کی، جب کہ فرانزک رپورٹ میں ملزمان کے توڑ پھوڑ میں ملوث ہونے اور شہریوں کو اشتعال دلانے کے شواہد موجود ہیں۔
سماعت کے دوران عدالت میں 9 مئی کے واقعات سے متعلق ویڈیوز بھی چلائی گئیں۔ ویڈیوز دیکھنے کے بعد عدالت نے ریمارکس دیے کہ ان میں توڑ پھوڑ ہوتی دکھائی نہیں دے رہی۔ اس پر ریڈیو پاکستان کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ استغاثہ کا بنیادی الزام یہ ہے کہ ملزمان نے کارکنوں اور عوام کو اشتعال دلایا۔
فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد انسداد دہشت گردی کی عدالت نے تینوں رہنماؤں کی ضمانت کی درخواستیں خارج کر دیں۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی میں کچھ گروپ ہیں، بعض لوگ ایک دوسرے کو برداشت نہیں کر رہے، سلمان اکرم راجہ
ضمانتیں خارج ہونے کے بعد پولیس نے تینوں رہنماؤں کو گرفتار کرنے کی کوشش کی، تاہم وکلا نے مزاحمت کی۔ بعد ازاں وہ پشاور ہائی کورٹ پہنچے، جہاں عدالت نے 23 نومبر تک ان کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے ضمانتی مچلکے جمع کرانے اور تفتیش میں شامل ہونے کا حکم دیا۔
اس کے باوجود پولیس نے تینوں رہنماؤں کو تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کر لیا۔ ایس ایس پی آپریشنز نے صحافیوں کو بتایا کہ ان کے پاس تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کے وارنٹ موجود ہیں اور وہ رہنماؤں کو عزت کے ساتھ حراست میں لینے آئے ہیں۔







