Follw Us on:

پاکستان ہمسایہ ممالک سے پانی، تجارت اور دہشتگردی پر بات چیت کے لیے تیار ہے: شہباز شریف

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Shahbaz sharif
پاکستان پرامن ملک ہے، پانی، تجارت اور دہشتگردی پر بات چیت کے لیے تیار ہیں: شہباز شریف( فوٹو : پی ٹی وی )

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور ہمسائیہ ملک سے پانی کے مسئلے، تجارت اور انسداد دہشتگردی کے معاملے پر بات چیت کے لیے تیار ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے تہران میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، تہران ایئرپورٹ سے سعدآباد محل پہنچنے پر ایرانی صدر نے وزیراعظم کا استقبال کیا، جہاں وزیراعظم کو ایران کی مسلح افواج کے دستوں نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

وزیراعظم اور ایرانی صدر کے درمیان ملاقات میں اہم دوطرفہ امور پر بات چیت ہوئی۔ بعد ازاں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ برادر ملک ایران کا دورہ کرکے دلی مسرت ہوئی، ایران کو ہم اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایرانی صدر کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر بات ہوئی، تجارت، سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کی ترک صدرایردووان سے ملاقات: ’ترکیہ کی حمایت سے پاکستان کو فتح ملی‘

انہوں نے کہا کہ ہماری بہادر مسلح افواج نے دلیرانہ کارروائی کی، پاکستان پرامن ملک ہے، خطے میں امن و سلامتی چاہتا ہے، ہم امن کی خاطر بات چیت کے لیے تیار ہیں۔ ہمسائیہ ملک سے خطے میں امن، پانی کے مسئلے، تجارت اور انسداد دہشتگردی کے معاملے پر بات چیت کے لیے تیار ہیں لیکن اگر جارحیت کی گئی تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ مسئلہ کشمیر سمیت تمام تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں، ہم امن چاہتے ہیں اور خطے میں امن کے لیے کام کریں گے۔ انہوں نے ایران کے پرامن نیوکلیئر پروگرام کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔

غزہ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ غزہ کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، پچاس ہزار سے زائد لوگ شہید ہو چکے ہیں، وقت کا تقاضا ہے کہ عالمی برادری غزہ میں فوری اور دیرپا جنگ بندی کو یقینی بنائے۔ پاکستان اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے، اور او آئی سی کے پلیٹ فارم پر پاکستان اور ایران کا مؤقف یکساں ہے۔

ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے رفقا کو خوش آمدید کہتا ہوں، انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے صدیوں پر محیط ثقافتی اور تاریخی تعلقات ہیں۔

ایرانی صدر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز اور ان کے وفد کے ساتھ گفتگو میں سیاست،معیشت، بین الاقوامی تعلقات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر بات ہوئی۔

مزید پڑھیں:وزیراعظم پاکسان کی ایرانی صدر سے تہران میں ملاقات: ’امن کے لیے پاکستان انڈیا سے بات چیت کو تیار ہے‘ٓ

ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ دونوں ممالک کی مشترکہ سرحد پر کوئی بھی دہشتگردانہ اور مجرمانہ سرگرمی نہیں ہونی چاہیے، اور اس سلسلے میں سرحدی علاقوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پیر کو ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ اور علاقائی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق ملاقات کے دوران وزیراعظم نے سپریم لیڈر کے لیے گہرے احترام کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شخصیت عالم اسلام میں ایک نمایاں مقام رکھتی ہے اور مسلم امہ رہنمائی اور سرپرستی کے لیے ان کی طرف دیکھتی ہے۔

وزیراعظم نے سپریم لیڈر کو بھارت کے ساتھ حالیہ تنازعے، اور بھارت کے بالادستی پسند اور نظر ثانی پسند عزائم کے بارے میں آگاہ کیا، انہوں نے بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کی حمایت کرنے پر ایران کی قیادت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا، وزیراعظم نے زور دیا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن کا خواہاں رہا ہے تاکہ اقتصادی ترقی اور خوشحالی آئے۔

انہوں نے سپریم لیڈر کو پاک ایران تعلقات کو اعلیٰ ترین سطح پر لے جانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا اور کہا کہ ان کی حکومت موجودہ پیچیدہ جغرافیائی سیاسی صورتحال میں ایران کے ساتھ اسٹریٹجک تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

Supreme leader

وزیراعظم نے امریکا کے ساتھ جوہری مذاکرات کو آگے بڑھانے میں ایرانی قیادت کی دور اندیشی کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ خطے میں امن اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان ایک تعمیری معاہدہ طے پائے گا۔

سپریم لیڈر نے علاقائی امن اور استحکام کو دور اندیشی کے ساتھ فروغ دینے میں وزیراعظم شہباز شریف کی کوششوں کو سراہا اور پاک ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ان کے ذاتی عزم کی تعریف کی، سپریم لیڈر نے پاکستان اور اس کے عوام کی مزید خوشحالی، ترقی اور نمو کے لیے دعا کی۔

وزیراعظم نے شاعر مشرق علامہ اقبال کی شاعری سے سپریم لیڈر کی لگن کو گہرا سراہا، اور خاص طور پر سپریم لیڈر سے درخواست کی کہ وہ جلد از جلد دوبارہ پاکستان کا دورہ کریں۔

اس موقع پر وزیراعظم کے ہمراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحٰق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، اور وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ بھی تھے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس