Follw Us on:

پاکستان ، انڈیا میں بات چیت نہ ہونا دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے، بلاول بھٹو

اظہر تھراج
اظہر تھراج
Bilawal bhutto
سوشل میڈیا کے محاذ پر بھی انڈیا شکست کھا گیا۔ (فوٹو: فائل)

اسلام آباد میں ‘پاکستان دہشت گردی کے خلاف ایک دیوار’ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کئی دہائیوں سے اس خطرے کے خلاف برسرپیکار ہے اور اس دوران ہزاروں جانیں ضائع ہوئیں اور ملکی معیشت کو شدید نقصان پہنچا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے القاعدہ جیسے نیٹ ورک کو کمزور کرنے اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں انسانی جانوں اور معاشی نقصان کی صورت میں بھاری قیمت ادا کی ہے۔

عالمی برادری کو ان قربانیوں کو تسلیم کرنا چاہیے اور انسداد دہشت گردی کے لیے پاکستان کی کوششوں میں مکمل تعاون کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے نہ صرف اپنی سرزمین کو دہشت گرد گروہوں سے محفوظ رکھنے کی کوشش کی بلکہ عالمی امن کے لیے بھی عملی اقدامات کیے۔ ان کے مطابق دنیا کو اس حقیقت کا ادراک ہونا چاہیے کہ پاکستان کی قربانیاں صرف اپنے لیے نہیں ہیں بلکہ عالمی استحکام کے لیے بھی دی گئیں۔

مزید پڑھیں: مریض خوار، افسر شاہی خوشحال، سرکاری اسپتالوں کی اس حالتِ زار کا ذمہ دار کون ہے؟

سیمینار کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے انڈیا کو پاکستان کے ساتھ کھلے اور بامقصد مکالمے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بات چیت ناگزیر ہے تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو اور دہشت گردی کے خطرے کا مشترکہ طور پر مقابلہ کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا پاکستان اور انڈیا کے درمیان بات چیت کا نہ ہونا خطے میں عدم استحکام اور دہشت گردی کی فضا کو تقویت دیتا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں امن کے لیے ضروری ہے کہ دونوں ممالک اپنے اختلافات بات چیت کے ذریعے حل کریں تاکہ دہشت گرد عناصر کو فائدہ اٹھانے کا موقع نہ ملے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت سب سے بڑی ضرورت یہ ہے کہ تمام ممالک دہشت گردی کے خلاف ایک متحدہ حکمت عملی اختیار کریں۔

سیمینار میں شریک دیگر مقررین نے بھی دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے کردار کو سراہا اور عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان کی قربانیوں کا باضابطہ اعتراف کریں اور اسے سفارتی مالی اور تکنیکی مدد فراہم کریں تاکہ یہ جنگ مؤثر انداز میں جاری رکھی جا سکے۔

Author

اظہر تھراج

اظہر تھراج

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس