پیٹ ہیگسیتھ نے مشرقِ وسطیٰ میں تعینات امریکی فوجیوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایران کے خلاف جاری جنگ سے منسلک فوجی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ چند دن اس جنگ میں انتہائی اہم اور فیصلہ کن ثابت ہوں گے۔
پریس بریفنگ کے دوران پیٹ ہیگسیتھ نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر تہران نے دانشمندی کا مظاہرہ کیا تو وہ معاہدے کی طرف آئے گا، بصورت دیگر جنگ مزید شدت اختیار کر سکتی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا کے پاس مزید آپشنز موجود ہیں، جب کہ ایران کے پاس جنگ جاری رکھنے کے مواقع محدود ہوتے جا رہے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ بھی معاہدے کے لیے تیار ہیں۔
ہیگسیتھ نے اپنی بریفنگ کا اختتام مذہبی انداز میں حضرت عیسیٰ مسیح کے نام پر کیا، جو غیر معمولی قرار دیا جا رہا ہے۔ بعد ازاں ایک اور بریفنگ میں انہوں نے اتحادی ممالک پر زور دیا کہ وہ آبنائے ہرمز کے تحفظ میں زیادہ فعال کردار ادا کریں۔
مزید پڑھیں: ایران کے پاس اچھا موقع ہے، معاہدہ کر لے ورنہ امریکی فوج تیار ہے، وائٹ ہاؤس پریس سیکرٹری
انہوں نے کہا کہ اس اہم سمندری گزرگاہ سے جہازوں کی آمدورفت میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کا سہرا انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو دیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اس صورتحال میں اپنا کردار ادا کرے، خاص طور پر برطانیہ کی رائل نیوی کی موجودگی پر سوال اٹھایا۔
امریکی وزیر دفاع نے مزید کہا کہ امریکا ایران کی حمایت میں روس اور چین کی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لے رہا ہے، جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔







