امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ یہ ملک ان لوگوں کی قربانیوں سے حاصل ہوا جنہوں نے خون دے کر اور جدوجہد کر کے آزادی حاصل کی، اور آج ہمیں ضرورت ہے کہ ہم حقیقی معنوں میں آزاد ہوں، نہ صرف سیاسی طور پر بلکہ معاشی اور ذہنی غلامی سے بھی۔
لاہور میں “میرا برانڈ پاکستان” ایکسپو 2025 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی ایک فرد یا طبقے کا نہیں بلکہ پوری قوم کا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ “میرا برانڈ پاکستان” کا آئیڈیا اس وقت سامنے آیا جب فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے لیے صیہونی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم چلی، مگر لوگ یہ سوال کرتے تھے کہ ان مصنوعات کا متبادل کہاں سے آئے گا۔
اسی لیے بزنس کمیونٹی اور الخدمت فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر ایک ایسی نمائش کا آغاز کیا گیا جہاں پاکستانی مصنوعات کو فروغ دیا جائے۔ یہ ایکسپو پہلے کراچی میں کامیاب ہوا اور اب لاہور میں ڈیڑھ سو سے زائد اسٹالز کے ساتھ منعقد ہو رہا ہے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ فلسطین کے مظلوم عوام کے لیے عملی یکجہتی ضروری ہے، اور اس موقع پر پاکستانی برانڈز کو اپنی کوالٹی بہتر بنانی ہوگی، عالمی معیار کے تقاضے پورے کرنے ہوں گے اور قیمتیں بھی مناسب رکھنی ہوں گی تاکہ لوگ اعتماد کے ساتھ مقامی مصنوعات خرید سکیں۔
انہوں نے زور دیا کہ یہ موقع صرف کاروباری فائدے کے لیے نہیں بلکہ پاکستان کی معیشت کو مضبوط کرنے اور دنیا میں ایک معاشی بلاک بنانے کے لیے استعمال ہونا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: واشنگٹن کے اسلام آباد اور نئی دہلی، دونوں سے اچھے تعلقات ہیں، امریکا
انہوں نے اعلان کیا کہ یہ ایکسپو اب اسلام آباد، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور دیگر شہروں کے ساتھ ساتھ ترکی اور مراکش میں بھی کیا جائے گا تاکہ پاکستانی مصنوعات کو عالمی سطح پر متعارف کرایا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی میں دنیا کی قیادت کرنے کی صلاحیت موجود ہے، بس ضرورت ہے کہ ہم خود پر اعتماد کریں اور مسلم دنیا کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کریں۔