پاکستانی ایئرلائن فلائی جناح کو بنگلہ دیشی حکام سے کراچی اور ڈھاکہ کے درمیان براہ راست پروازیں چلانے کی منظوری مل گئی ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان فضائی رابطے کو مضبوط بنانے میں ایک اہم قدم ہے۔
یہ پیشرفت گزشتہ ہفتے پاکستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین کے ایک اعلان کے بعد ہوئی ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان آنے والے مہینوں میں براہ راست پروازیں شروع ہونے کی توقع ہے۔
انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ تجارت اور کاروباری تبادلے کو بڑھانے کے لیے جلد ہی ڈھاکہ، کراچی اور لاہور کو ملانے والی کارگو پروازیں متعارف کرائی جائیں گی۔
نجی چینل ایکسپریس کے مطابق بنگلہ دیش کی سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے بی) کے چیئرمین ایئر وائس مارشل مونجر کبیر بھویاں نے تصدیق کی کہ فلائی جناح کی براہ راست پروازیں چلانے کی درخواست منظور کر لی گئی ہے۔
بھوئیان نے کہا کہ ایئر لائن نے ہمارے پاس درخواست دی، اور ہم نے اسے منظور کر لیا ہے،انہوں نے مزید کہا کہ ایئر لائن کو اب فلائٹ سلاٹ اور فریکوئنسی کو حتمی شکل دینے سے پہلے ایک جنرل سیلز ایجنٹ (جی ایس اے)کا تقرر کرنا چاہیے۔
بنگلہ دیش کی شہری ہوا بازی اور سیاحت کی وزارت کے ایڈیشنل سیکرٹری عبدالناصر خان نے کہا سی اے اے بی نے فلائی جناح کی بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان براہ راست پروازیں چلانے کی تجویز کو منظور کر لیا ہے۔ ہم جلد ہی ڈھاکہ کراچی براہ راست پروازیں دوبارہ شروع کرنے کے معاہدے پر دستخط کریں گے۔
توقع ہے کہ براہ راست پروازوں کے دوبارہ شروع ہونے سے کاروبار، سیاحت اور عوام کے درمیان تبادلے کو فروغ ملے گا، جس سے دونوں جنوبی ایشیائی ممالک کے درمیان فاصلوں کو مزید پر کیا جائے گا۔