Follw Us on:

غزہ ’جہنم‘ بن گیا، اڑتالیس گھنٹوں میں 14 ہزار بچے مرنے کا خدشہ 

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Mom crying with child
غزہ پر اسرائیل کا حملہ

غزہ میں بڑے انسانی المیے نے جنم لے لیا، 48 گھنٹوں میں امداد نہ پہنچنے کی صورت میں 14 ہزار بچوں کے مرنے کا خدشہ ہے۔

اقوامِ متحدہ کے انسانی امداد کے سربراہ ٹام فلیچر نے خبردار کیا ہے کہ اگرچہ پیر کے روز پانچ امدادی ٹرک غزہ میں داخل ہوئے ہیں لیکن وہ سرحد پار کر کے رک گئے ہیں اور تاحال کسی متاثرہ علاقے تک نہیں پہنچ سکے۔

ان ٹرکوں میں بچوں کی خوراک اور غذائیت سے متعلق اشیا موجود ہیں۔ فلیچر کے مطابق یہ امداد ’سمندر میں ایک قطرے‘ کے برابر ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اگر یہ امدادی سامان غزہ نہ پہنچا تو اگلے 48 گھنٹوں میں 14 ہزار بچے جان کی بازی ہار سکتے ہیں۔

اسرائیلی فوج کی بمباری میں گزشتہ رات سے اب تک کم از کم 50 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

Israel attack on gaza
اسرائیلی فورسز کی اسپتال پر بمباری

جنوبی شہر خان یونس میں اسرائیلی افواج نے شہریوں کو فوری انخلا کا حکم دے کر بڑے حملے کی دھمکی دی ہے، جس کے بعد علاقے میں شدید گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے۔

کینیڈا، فرانس اور برطانیہ نے اسرائیل کو وارننگ دی ہے کہ اگر غزہ میں حملے نہ رکے تو وہ اسرائیل کے خلاف عملی اقدامات اٹھائیں گے۔

اس کے علاوہ 22 ممالک نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی کی اجازت دے۔

تاہم اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے ان مطالبات کو مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل اپنا حملہ جاری رکھے گا اور پورے غزہ پر کنٹرول حاصل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیلی جنگ میں اب تک کم از کم 53,475 فلسطینی شہید جبکہ 121,398 زخمی ہو چکے ہیں۔

حکومت کی میڈیا آفس کے مطابق یہ تعداد 61,700 سے تجاوز کر چکی ہے کیونکہ ہزاروں افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہیں اور ان کے زندہ بچنے کی امید نہیں۔

یاد رہے کہ 7 اکتوبر 2023 کے حملے میں اسرائیل میں 1,139 افراد ہلاک اور 200 سے زائد افراد یرغمال بنائے گئے تھے۔

اسرائیل کی یہ جارحیت امریکا کی کھلی پشت پناہی کے ساتھ جاری ہے جبکہ عالمی برادری کی بے حسی اور خاموشی فلسطینیوں کی شہادتوں پر سوالیہ نشان بن چکی ہے۔

مزید پڑھیں: ’کچھ پیش رفت ہو رہی ہے‘، روس اور یوکرین جلد جنگ بندی کے لیے مذاکرات کا آغاز کریں گے، ڈونلڈ ٹرمپ

Author

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس