واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ایک نیا اپ ڈیٹ جاری کر دیا ہے جس کے بعد ایپ کا ورژن 2.25.18.4 ہو گیا ہے۔ اس تازہ ترین اپ ڈیٹ میں ایک منفرد اور جدید فیچر شامل کیا گیا ہے جو صارفین کو اپنی مرضی کے مطابق مصنوعی ذہانت پر مبنی چیٹ بوٹس تخلیق کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
تاہم یہ فیچر اس وقت صرف محدود بیٹا ٹیسٹرز کے لیے دستیاب ہے، جبکہ آنے والے ہفتوں میں یہ مزید صارفین کے لیے بھی پیش کیا جائے گا۔
واٹس ایپ کی جانب سے متعارف کردہ اس فیچر کے تحت صارفین اپنی ضروریات، دلچسپیوں اور ترجیحات کے مطابق ذاتی نوعیت کے اے آئی کردار تخلیق کر سکتے ہیں۔ اس فیچر کا مقصد صارفین کو مزید بااختیار بنانا اور انہیں ایسے چیٹ بوٹس فراہم کرنا ہے جو ان کے مخصوص انداز، مقاصد اور شخصیت کی عکاسی کرتے ہوں۔
صارفین واٹس ایپ کے فراہم کردہ ٹیمپلیٹس اور تجاویز کی مدد سے چیٹ بوٹ کی شخصیت، کردار اور اہداف کا تعین آسانی سے کر سکتے ہیں۔
واٹس ایپ ایپ کے اندر موجود اے آئی اسٹوڈیو صارفین کو چیٹ بوٹ بنانے کے تمام مراحل میں مکمل رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ اس عمل میں بوٹ کو نام دینا، اس کی شخصیت اور لہجہ متعین کرنا، ایک اوتار تخلیق کرنا اور ایک دلچسپ تعارفی جملہ شامل کرنا شامل ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:’ڈیٹا کی حفاظت یا جدید ٹیکنالوجی‘، واٹس ایپ نے پرانے ایپل اور اینڈرائیڈ موبائلز سے اپنی سروسز ختم کر لیں
واٹس ایپ کی ٹیمپلیٹس اس انداز میں ترتیب دیےگئے ہیں کہ وہ صارف کی فراہم کردہ ابتدائی معلومات کے مطابق خود بخود ایڈجسٹ ہو جاتی ہیں، جس سے پورا عمل سہل اور صارف دوست بن جاتا ہے۔
چیٹ بوٹ کی تخلیق مکمل ہونے کے بعد صارف کے پاس اختیار ہوتا ہے کہ وہ اسے نجی رکھے یا دوسروں کے ساتھ شیئر کرے۔ اگر صارف پبلک شیئرنگ کا انتخاب کرتا ہے تو واٹس ایپ ایک مخصوص لنک فراہم کرتا ہے جسے دوستوں، گروپس یا سوشل میڈیا پر شیئر کیا جا سکتا ہے، تاکہ دیگر افراد بھی اس اے آئی کردار سے گفتگو کر سکیں۔
مزید پڑھیں:نوجوان ویڈیو گیمنگ سے کیسے روزگار حاصل کرسکتے ہیں؟
یہ فیچر نہ صرف جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی بہترین مثال ہے بلکہ صارفین کے لیے تخلیقی امکانات کا ایک نیا دروازہ بھی کھولتا ہے۔