چیف آف آرمی اسٹاف و فیلڈ مارشل سید عاصم منیر (نشان امتیاز ملٹری) نے آج کور ہیڈکوارٹر پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہیں ملک میں سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال اور جاری انسداد دہشت گردی آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف کے پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔
فیلڈ مارشل نے بنوں گیریژن میں دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور سی ایم ایچ بنوں میں زیرِ علاج زخمیوں کی عیادت بھی کی۔
انہوں نے دہشت گردی کے خلاف صفِ اول میں لڑنے والے جوانوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے ہمیشہ بے مثال جرات، استقامت اور قربانی کا مظاہرہ کیا ہے، جو انڈیا کی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنے الخوارج کو بے نقاب کرنے میں پیش پیش ہیں۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ریاست کے بے لچک مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی میں ملوث ہر سہولت کار، مددگار اور مجرم کو کسی رعایت کے بغیر قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور خطے میں دہشت گردی کے اصل چہروں کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہر بے گناہ پاکستانی کے خون کا حساب لیا جائے گا اور پاکستان کے داخلی استحکام کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
چیف آف آرمی اسٹاف نے خیبر پختونخوا پولیس اور دیگر سول قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ادارہ جاتی صلاحیتوں میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا اور متعلقہ حکومتی اداروں کو فوری اقدامات کی ہدایت کی۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پاک فوج، سول اداروں کی تربیت اور استعداد کار بڑھانے میں ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔پاکستان کے عوام اور افواج دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں اور جب تک اس ناسور کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا، ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔