قطر کے دارالحکومت دوحا میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان اے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.2 اوورز میں 313 رنز بنائے اور پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔ جواب میں بھارت اے کی ٹیم 265 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

ہدف کے تعاقب میں بھارت اے کی جانب سے ابھیشک شرما نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 42 گیندوں پر 70 رنز بنائے، ان کی اننگز میں چھ چھکے اور چھ چوکے شامل تھے۔ انہوں نے 31 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔

تلک ورما نے بھی مزاحمت جاری رکھی اور 100 رنز کی اننگز کھیلی، جب کہ شہباز احمد نے 56 رنز بنائے۔ دونوں کے درمیان ساتویں وکٹ کے لیے 112 رنز کی شراکت قائم ہوئی، تاہم پاکستانی بولرز نے آخری مرحلے میں بھارتی بیٹنگ لائن کو سمیٹ دیا۔

پاکستان کی جانب سے حسن نواز اور علی رضا نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، محمد عمران نے دو جب کہ سفیان مقیم اور احمد دھنیال نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل پاکستان اے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ شامل حسین اور معاذ صداقت نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 66 رنز بنائے۔ شامل حسین 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جب کہ روحیل نذیر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

معاذ صداقت نے 59 رنز کی اننگز کھیلی، جب کہ حسن نواز نے 82 گیندوں پر 79 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں پانچ چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔

عبدالصمد نے 28، محمد عمران نے 23 اور فرحان یوسف نے 56 رنز بنا کر ٹیم کا مجموعہ 300 سے آگے پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ فرحان یوسف نے 48 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے دو چھکے اور چار چوکے لگائے۔

بھارت اے کی جانب سے پرنس یادیو اور ہریشت رانا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جب کہ سورینش اور وپراج نگم نے بھی دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ آیوش بدونی کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

واضح رہے کہ پاکستان اے نے ٹورنامنٹ کے اپنے پہلے میچ میں متحدہ عرب امارات کو 61 رنز سے شکست دی تھی۔