روسی جہاز اسپارٹا ٹو کو ہفتے کے روز نشانہ بنایا گیا تھا جس کے بعد وہ بہتے ہوئے فن لینڈ کی سمندری حدود میں داخل ہوگیا جہاں اسے لنگر انداز کر دیا گیا ہے۔ فن لینڈ کی فوج کے مطابق جہاز پر حملہ ممکنہ طور پر یوکرین نے کیا تھا۔

حملے کے بعد جہاز پر موجود عملے کے تمام 16 ارکان کو قریبی روسی جہاز میں منتقل کر دیا گیا جبکہ عملے کا ایک رکن معمولی زخمی ہوا۔

فن لینڈ کے حکام کے مطابق اتوار تک جہاز پر نظر آنے والے شعلوں پر قابو پا لیا گیا تھا تاہم اس کے ڈیک پر موجود کنٹینرز کو ٹھنڈا کرنے اور جہاز کو مستحکم رکھنے کا کام جاری تھا۔

فن لینڈ کے کوسٹ گارڈ کی جانب سے جاری تصاویر اور ویڈیوز میں کئی جہازوں کو رات کے وقت واٹر کینن کے ذریعے اسپارٹا ٹو پر پانی پھینکتے دیکھا گیا تاکہ آگ بجھائی جا سکے اور ڈیک پر رکھے کنٹینرز کو ٹھنڈا کیا جا سکے۔

اس کارروائی میں مجموعی طور پر سات جہاز شریک ہوئے جن میں دو روسی، دو ایسٹونین اور تین فن لینڈ کے تھے۔ حکام روسی جہازوں کے ذریعے متاثرہ مال بردار جہاز کو وہاں سے کھینچ کر منتقل کرنے کی تیاری بھی کر رہے تھے۔

جہاز روس کے علاقے کیلینن گراڈ جا رہا تھا

اسپارٹا ٹو روس کے علاقے کیلینن گراڈ کی جانب رواں دواں تھا جب اسے روس کے جزیرے گوگ لینڈ کے مغرب میں بین الاقوامی سمندری حدود میں نقصان پہنچا۔

فن لینڈ کے بارڈر گارڈ کے سمندری تحفظ کے افسر یوکا پیکا لومیلہتی نے اتوار کو پریس کانفرنس میں بتایا کہ جہاز سے اب بھی دھواں اٹھ رہا ہے اور اس میں خاصی حدت موجود ہے۔

خلیج فن لینڈ میں مزید ڈرون حملوں کا خدشہ

ایسٹونیا کی بحریہ کے کمانڈر ایوو وارک نے خبردار کیا ہے کہ خلیج فن لینڈ میں مزید حملوں کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا۔

یوکرین رواں سال روس کے شمال مغربی علاقے لینن گراڈ کی جانب متعدد مرتبہ فوجی ڈرون حملے کر چکا ہے۔ ان میں سے بعض ڈرونز قریبی بالٹک ممالک کی فضائی حدود میں بھی داخل ہوئے جس سے خدشات پیدا ہوئے کہ جنگ کا دائرہ نیٹو کی حدود تک پھیل سکتا ہے۔

فن لینڈ کی فوج نے گزشتہ ہفتے بھی اسی علاقے میں یوکرینی ڈرون حملوں کے دوران ایک روسی جنگی جہاز کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاع دی تھی۔

اسپارٹا ٹو 121 میٹر طویل روسی پرچم بردار مال بردار جہاز ہے جس کی ملکیت روسی شپنگ کمپنی اوبورون لاجسٹیکا کے پاس ہے۔ ایل ایس ای جی کے اعداد و شمار کے مطابق یہ جہاز جمعے کو سینٹ پیٹرزبرگ سے روانہ ہوا تھا۔

کمپنی اپنی ویب سائٹ کے مطابق روسی وزارت دفاع کو لاجسٹکس کی خدمات فراہم کرتی ہے۔ اس جہاز پر امریکا کی جانب سے پابندیاں بھی عائد ہیں۔

فن لینڈ کے حکام نے خبردار کیا ہے کہ اتوار کی رات اور پیر کو متوقع بارش، برفانی بارش اور تیز ہوائیں آگ بجھانے کی کارروائیوں کو مزید مشکل بنا سکتی ہیں۔