انسدادِ سموگ سے متعلق پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ مقامی آلودگی کے ذرائع پر حکومتی کنٹرول اور مسلسل کارروائیوں کے باعث صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔ لاہور میں صبح کے اوقات میں اے کیو آئی زیادہ ہونے کے بعد اگلے دو گھنٹوں میں اس میں نمایاں کمی دیکھی جا رہی ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ ہوا کی رفتار میں اضافہ، سورج کی روشنی اور درجہ حرارت میں تبدیلی فضائی آلودگی کے ارتکاز کو کم کرنے میں کردار ادا کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 22 نومبر کی صبح لاہور میں ہوا کی رفتار صفر کلومیٹر فی گھنٹہ تھی، جس کے باعث ساکن ہواؤں اور ٹمپریچر انورژن کی صورتحال میں آلودگی زمین کے قریب جمع ہوئی اور اے کیو آئی بڑھ گیا، تاہم اگلے دو سے تین گھنٹوں میں آلودگی کی سطح میں تیزی سے کمی آئی۔
سینئر وزیر نے میڈیا سے اپیل کی کہ سموگ اور اے کیو آئی کی رپورٹنگ میں تازہ ترین ڈیٹا استعمال کیا جائے اور صبح کے وقت ریکارڈ ہونے والے بلند اے کیو آئی کو پورے دن کی صورتحال ظاہر کرنے کے لیے پیش نہ کیا جائے۔ شہریوں کو دن کے مختلف اوقات میں فضائی معیار کی درست صورتحال سے آگاہ کرنا ضروری ہے۔
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب میں سموگ سے نمٹنے کے لیے پہلی بار ملٹی سیکٹورل حکمتِ عملی اختیار کی گئی ہے، جس کے تحت زراعت، ٹرانسپورٹ، صنعت، ماحولیات، تعلیم اور لوکل گورنمنٹ سمیت متعلقہ محکموں کو مشترکہ اہداف دیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہوا کے معیار کی نگرانی کے لیے پہلی بار 80 جدید ایئر کوالٹی مانیٹرز نصب کیے گئے ہیں، جن کی تعداد دسمبر تک 100 کر دی جائے گی۔ اس نظام کے ذریعے مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی کی زیادہ مؤثر نگرانی ممکن ہوگی۔
سینئر وزیر کے مطابق 10 اسکواڈز پر مشتمل انوائرنمنٹل پروٹیکشن فورس بھی قائم کی گئی ہے، جو جدید باڈی کیمروں کے ذریعے ماحولیاتی قوانین پر عمل درآمد یقینی بنا رہی ہے۔ صنعتی آلودگی، ویسٹ برننگ، تعمیراتی گردوغبار اور دیگر خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ پنجاب میں 14 ہزار سے زائد بھٹوں کو جدید زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جا چکا ہے اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے بھٹوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں میں گردوغبار پر قابو پانے کے لیے سڑکوں پر 24 گھنٹے پانی کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے، جب کہ زیادہ اے کیو آئی والے علاقوں میں سموگ گنز کے ذریعے آپریشن جاری ہے۔ پنجاب بھر میں 15 سے 30 سموگ گنز مختص کی گئی ہیں۔
ٹرانسپورٹ کے شعبے سے متعلق اقدامات پر بات کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ سیف سٹی کیمروں کے ذریعے گاڑیوں کی نگرانی کی جا رہی ہے اور اب تک 6 لاکھ سے زائد گاڑیوں کی فٹنس ٹیسٹنگ مکمل ہو چکی ہے۔ 30 دسمبر کے بعد ماحولیاتی معیار پر پورا نہ اترنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ فصلوں کی باقیات جلانے کی روک تھام کے لیے 10 ہزار سے زائد سپر سیڈرز فیلڈ میں کام کر رہے ہیں، جب کہ پرالی کو صنعتی ایندھن کے طور پر استعمال کرنے کا نظام بھی متعارف کرایا گیا ہے تاکہ اسے جلانے کے بجائے مفید معاشی سرگرمی میں تبدیل کیا جا سکے۔
مزید پڑھیں: حسین نقی: سات دہائیوں تک قلم، جمہوریت اور آزادیٔ صحافت کی جنگ لڑنے والا صحافی
سینئر وزیر نے کہا کہ پہلی بار سورس اپورشنمنٹ اسٹڈی کے ذریعے یہ معلوم کیا جائے گا کہ فضائی آلودگی کا کون سا ذریعہ، کس وقت اور کتنی آلودگی پیدا کر رہا ہے۔ اس تحقیق کی بنیاد پر مستقبل کی پالیسی سازی اور منصوبہ بندی کو بہتر بنایا جائے گا۔
مریم اورنگزیب کے مطابق گرین کور بڑھانے کے لیے 40 لاکھ درخت لگائے گئے ہیں، ریلوے کے 40 کلومیٹر طویل ٹریک کے اطراف شجرکاری کی جا رہی ہے، جب کہ ہر ترقیاتی منصوبے میں ایک فیصد شجرکاری مختص کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سموگ کے مستقل حل کے لیے تمام متعلقہ محکموں، صنعتوں، کاروباری طبقے اور شہریوں کا مشترکہ کردار ضروری ہے۔ حکومت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے، تاہم عوامی تعاون کے بغیر فضائی آلودگی پر قابو پانا ممکن نہیں۔
سینئر صوبائی وزیر نے شہریوں سے اپیل کی کہ غیر ضروری طور پر ذاتی گاڑیوں کے استعمال سے گریز اور پبلک ٹرانسپورٹ کو ترجیح دیں، بچوں اور بزرگوں کو باہر نکلتے وقت ماسک پہنائیں اور کھلے عام کوڑا جلانے سمیت ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزیوں کی اطلاع ہیلپ لائن 1373 پر دیں۔







