ایرانی نائب صدر برائے قانونی امور مجید انصاری نے اتوار کو اعلان کیا کہ ان مقدمات کے لیے دستاویزی شواہد متعلقہ عدالتوں میں پیش کیے جا رہے ہیں۔ ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق بعض مقدمات دائر ہو چکے ہیں، جب کہ دیگر کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔

مجید انصاری نے کہا کہ ایرانی حکومت کا قانونی امور کا دفتر وزارت انصاف، وزارت خارجہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے تعاون سے قانونی کارروائی آگے بڑھا رہا ہے۔ آیت اللہ علی خامنہ ای کے علاوہ سائنس دانوں، فوجی کمانڈروں، شہریوں، نرسوں اور بچوں کی شہادتوں پر بھی قانونی چارہ جوئی حکومت کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ امریکی اور اسرائیلی حملوں میں فوجی اہداف کے ساتھ اسپتالوں، ایمبولینسوں اور ہنگامی امدادی مراکز سمیت شہری تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ ایران عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) میں مقدمہ دائر کرنے پر بھی غور کر رہا ہے۔

خیال رہے کہ 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کے مشترکہ حملوں کے پہلے روز جنوبی ایران کے صوبے ہرمزگان کے شہر میناب میں واقع شجرہ طیبہ پرائمری اسکول کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

ایرانی حکام کے مطابق حملے میں 168 افراد شہید ہوئے، جن میں 123 بچے بھی شامل تھے، جب کہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔ مختلف ایرانی حکام کی جانب سے شہادتوں کی تعداد کے بارے میں پہلے 150 سے 168 تک کے اعدادوشمار بھی سامنے آ چکے ہیں۔

اسکول ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی بحری افواج کے ایک کمپاؤنڈ کے قریب واقع ہے۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ماہرین کی حمایت یافتہ تحقیقاتی مشن نے کہا ہے کہ اس حملے کو شہری مقام کو نشانہ بنانے کے ممکنہ جنگی جرم کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔

ستمبر میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق اسکول واضح طور پر کم عمر بچوں کا تعلیمی ادارہ تھا اور حملے سے پہلے امریکا نے اس بات کی تصدیق کے لیے تمام ممکنہ احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کیں کہ آیا یہ فوجی ہدف تھا یا نہیں۔

رائٹرز کے مطابق مارچ میں دو امریکی حکام نے بتایا تھا کہ امریکی فوجی تفتیش کاروں کا خیال ہے کہ حملے کا ذمہ دار ممکنہ طور پر امریکی افواج تھیں۔ ابتدائی تحقیقات میں پرانی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر ٹوماہاک میزائل داغے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔

امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے مارچ میں واقعے کی تحقیقات جاری ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا شہری مقامات کو نشانہ نہیں بناتا۔ تاہم حملے کے 120 دن سے زائد گزرنے کے باوجود پینٹاگون نے تحقیقات کی رپورٹ جاری نہیں کی تھی اور نہ ہی باضابطہ طور پر ذمہ داری قبول کی تھی۔

ایرانی حکام نے حملے میں آیت اللہ علی خامنہ ای کی رہائش گاہ کو بھی نشانہ بنائے جانے کا دعویٰ کیا ہے، جہاں خامنہ ای اور ان کے خاندان کے متعدد افراد ہلاک ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں: سمندر میں یوکرینی ڈرون حملے کا نشانہ بننے والے روسی جہاز میں آگ برقرار، روس اور نیٹو ممالک ایک ساتھ آگ بجھانے پر مجبور کیوں؟

دوسری جانب ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ سفارت کاری کی گنجائش اب بھی موجود ہے اور مذاکرات جاری ہیں۔ ایرانی خبر رساں ادارے میزان کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ ایران کسی کو خوش کرنے یا معاہدے کے لیے رعایتیں دینے کی خاطر مذاکرات نہیں کرتا۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور اعلیٰ مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے کہا کہ ایران نے فوجی سطح پر ایسی دفاعی صلاحیت حاصل کر لی ہے جس کے باعث مخالف فریق دوبارہ 40 روزہ جنگ جیسی کارروائی شروع کرنے سے گریز کر رہا ہے۔ اب ایران کی داخلی سلامتی میں خلل ڈالنے اور معاشی دباؤ بڑھانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

قالیباف نے کہا کہ ملک کو موجودہ ’نہ جنگ، نہ امن‘ کی صورتحال سے نکالنے کے لیے واضح اور قابلِ عمل حکمتِ عملی درکار ہے۔ انہوں نے توانائی اصلاحات کا آغاز قدرتی گیس سے کرنے پر زور دیا، جس کے مطابق ایران کی توانائی کھپت میں گیس کا حصہ 73 فیصد جبکہ پیٹرول کا حصہ 9 فیصد ہے۔

ایرانی فوج کے ترجمان نے بھی آبنائے ہرمز سے متعلق بیان دیتے ہوئے اسے ایران کی طاقت کا جغرافیہ قرار دیا۔