واک کا آغاز ناصر باغ سے ہوا، جہاں سے شرکاء باغِ جناح تک پہنچے۔ اس دوران ماحولیاتی تحفظ، موسمیاتی تبدیلی اور لاہور کے بہتر مستقبل کے حوالے سے آگاہی دی گئی۔
واک کے شرکاء نے شہر میں فضائی آلودگی کی بگڑتی ہوئی صورتحال، بے ہنگم شہری پھیلاؤ اور ماحولیاتی عدم توازن جیسے مسائل پر تبادلۂ خیال کیا۔
نوجوانوں نے اس بات پر زور دیا کہ ماحولیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے حکومتی اقدامات کے ساتھ شہریوں کی انفرادی اور اجتماعی ذمہ داری بھی اہم ہے۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ لاہور کا ماحولیاتی بحران محض موسمی مسئلہ نہیں بلکہ ایک وسیع شہری اور ماحولیاتی چیلنج ہے، جس کے حل کے لیے طویل المدتی منصوبہ بندی، مؤثر ماحولیاتی پالیسیوں اور عوامی شعور میں اضافے کی ضرورت ہے۔

یہ آگاہی واک ایسے وقت میں منعقد ہوئی ہے جب لاہور سمیت پنجاب کے متعدد شہر موسمِ سرما کے آغاز کے ساتھ سموگ کی لپیٹ میں ہیں۔
گاڑیوں اور صنعتوں سے خارج ہونے والا دھواں، تعمیراتی سرگرمیوں سے اٹھنے والی گردوغبار اور فصلوں کی باقیات جلانے کا عمل فضائی آلودگی میں اضافے کی اہم وجوہات میں شامل ہیں۔
منتظمین کے مطابق ’لاہور اِن ہیز‘ واک کا بنیادی مقصد ماحولیاتی مسائل کو محدود مباحثوں سے نکال کر عوامی سطح پر اجاگر کرنا اور نوجوانوں کو موسمیاتی تبدیلی کے خلاف عملی اقدامات کی ترغیب دینا تھا۔
شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صاف ہوا، سرسبز ماحول اور پائیدار شہری ترقی موجودہ نسل کا بنیادی حق ہیں۔ آگاہی مثبت تبدیلی کا پہلا قدم ہے، تاہم حقیقی بہتری کے لیے اسے مستقل عملی اقدامات میں تبدیل کرنا ضروری ہے۔







