آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق کاروباری ہفتے کے تیسرے روز ملک بھر میں 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 11 ہزار 500 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد فی تولہ سونے کی نئی قیمت 3 لاکھ 73 ہزار 936 روپے ہوگئی۔
اسی طرح مقامی مارکیٹ میں 10 گرام سونے کی قیمت 9 ہزار 860 روپے کم ہوکر 3 لاکھ 20 ہزار 589 روپے کی سطح پر آگئی۔
دوسری جانب بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں 115 ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد فی اونس سونا 3 ہزار 514 ڈالر کا ہوگیا۔
سونے کے ساتھ ملک بھر میں چاندی کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی ہے۔ مقامی مارکیٹ میں فی تولہ چاندی کی قیمت 224 روپے کم ہوکر 4 ہزار 463 روپے، جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 192 روپے کی کمی کے بعد 3 ہزار 826 روپے ہوگئی۔
یاد رہے کہ سونے کی قیمت میں گزشتہ 2 روز سے اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا تھا۔ پیر کو فی تولہ سونا 7 ہزار 800 روپے، جبکہ منگل کو مزید ایک ہزار 300 روپے مہنگا ہوا تھا، تاہم بدھ کو اس کی قیمت میں بڑی کمی ہوگئی۔
گزشتہ روز 24 نومبر کو پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت ایک ہزار 300 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 85 ہزار 436 روپے ہوگئی تھی، جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت ایک ہزار 115 روپے بڑھ کر 3 لاکھ 30 ہزار 449 روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔
اس سے قبل 23 نومبر کو بھی سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا تھا۔ اس روز فی تولہ سونا 7 ہزار 800 روپے مہنگا ہوکر 3 لاکھ 84 ہزار 136 روپے، جبکہ 10 گرام سونا 6 ہزار 687 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 29 ہزار 334 روپے کا ہوگیا تھا۔
واضح رہے کہ عالمی اور ملکی سطح پر مختلف عوامل سونے کی قیمتوں پر اثرانداز ہوتے ہیں۔ ان میں امریکی ڈالر کی قدر میں تبدیلی، عالمی معاشی صورت حال میں غیر یقینی، جغرافیائی کشیدگی اور سرمایہ کاروں کا رجحان شامل ہیں۔
عالمی سطح پر معاشی اور سیاسی غیر یقینی صورت حال کے دوران سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری تصور کرتے ہیں۔ ایسے حالات میں سونے کی طلب بڑھنے سے عالمی قیمت میں اضافہ ہوسکتا ہے، جبکہ غیر یقینی صورت حال میں کمی قیمتوں پر دباؤ ڈال سکتی ہے۔
پاکستان میں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے علاوہ روپے اور امریکی ڈالر کے درمیان شرحِ تبادلہ بھی مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کے نرخوں کے تعین میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔







