تنازع کیسے شروع ہوا؟
ٹی سیریز نے نئے ورژن کو محبت کے مختلف احساسات کی ترجمانی کرنے والی دھن قرار دیا۔ تاہم گانے کے کریڈٹس میں اسے صرف ’روایتی‘ قرار دیا گیا اور اضافی بول تلسی کمار کے نام کیے گئے، جبکہ اس کی پاکستانی لوک روایت یا جدید مقبولیت کا واضح حوالہ شامل نہیں کیا گیا۔
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ مسئلہ گانے کو نئے انداز میں پیش کرنے کا نہیں بلکہ اس کے تاریخی اور ثقافتی پس منظر کو نظر انداز کرنے کا ہے۔
کوک اسٹوڈیو نے گانے کو نئی پہچان دی
’سمی میری وار‘ ایک قدیم پنجابی لوک گیت ہے، جسے 2015 میں قرت العین بلوچ اور عمیر جسوال نے کوک اسٹوڈیو پاکستان میں پیش کیا تھا۔ اس ورژن کو یوٹیوب پر تقریباً 18 ملین مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔
بعد ازاں 2026 میں شانزے سیال کے کور ورژن نے بھی پاکستان اور انڈیا میں مقبولیت حاصل کی اور نئی نسل کو اس گیت سے متعارف کرایا۔
سوشل میڈیا پر پاکستانی فنکاروں کا ذکر
صحافی اور تجزیہ کار عمر آر قریشی نے پاکستانی گلوکارہ گلشن آرا سید کی ایک پرانی ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ ’سمی میری وار‘ گا رہی ہیں۔ ان کے مطابق اس نایاب ویڈیو کی جانب ان کی توجہ ایک دوسرے صارف نے دلائی تھی۔
ایک صارف نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ پاکستانی ڈراموں کے بائیکاٹ کی بات کی جاتی ہے، لیکن پاکستانی گانوں کی نقل اور انہیں نئے انداز میں پیش کرنے کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔
کیا یہ گیت صرف پاکستان کا ہے؟
دوسری جانب بعض صارفین کا کہنا ہے کہ ’سمی میری وار‘ تقسیمِ ہند سے پہلے کا پنجابی لوک گیت ہے، اس لیے اسے صرف ایک ملک کی ملکیت قرار نہیں دیا جا سکتا۔
ان کے مطابق یہ مشترکہ پنجابی ثقافتی ورثے کا حصہ ہے اور کسی فنکار کی جانب سے اسے نئے انداز میں پیش کرنا ثقافتی تبادلے کے زمرے میں آتا ہے۔
یوں یہ بحث صرف ایک گانے کے ری میک تک محدود نہیں رہی بلکہ اس نے مشترکہ ثقافتی ورثے میں اصل ماخذ، فنکاروں کے کریڈٹس اور تاریخی شناخت کو تسلیم کرنے کے سوال کو بھی دوبارہ نمایاں کر دیا ہے۔








