ورکشاپ کا باقاعدہ افتتاح ریکٹر ایف سی کالج ڈاکٹر جوناتھن ایس ایڈلٹن نے کیا۔ اس موقع پر فیکلٹی آف ہیومینیٹیز کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر الطاف اللہ خان نے اپنے تعارفی خطاب میں کہا کہ میڈیا سے وابستہ افراد کے تحفظ کے لیے انفرادی اقدامات کافی نہیں، بلکہ اس مقصد کے لیے ایک جامع اور مربوط حکمتِ عملی اپنانا ضروری ہے۔

دو روزہ ورکشاپ میں ملک بھر سے میڈیا کے اساتذہ، طلبہ اور صحافیوں نے شرکت کی۔ شرکاء میں میڈیا سے وابستہ شخصیات ایڈیٹر پاکستان میٹرز اظہر تھراج، شاہد علی نعیم، حسنین نفے، رضوان علی، ساجد خان اور بین الاقوامی صحافی میاں محمد معیز بھی شامل تھے۔

ورکشاپ کے پہلے روز مختلف ماہرین نے صحافیوں کو درپیش خطرات کے متعدد پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ پروفیسر ڈاکٹر مقرب اکبر نے تنازعات، انتہا پسندی اور قیامِ امن سے متعلق امور پر گفتگو کی، جکہ انجینئر عاصمہ بشارت نے صحافیوں کے ڈیجیٹل تحفظ کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

اسی نشست کے دوران صحافی زری جلیل نے صنفی بنیادوں پر صحافیوں کو لاحق خطرات اور آن لائن ہراسانی کے مسائل پر گفتگو کی، جبکہ رفعت اللہ اورکزئی نے عسکریت پسندی سے متعلق رپورٹنگ کے دوران پیش آنے والے چیلنجز اور اس موضوع کی حساسیت پر روشنی ڈالی۔

پہلے روز کی سرگرمیوں کا اختتام تنازعات کی رپورٹنگ کے نفسیاتی اثرات پر منعقدہ آن لائن مذاکرے سے ہوا۔ اس مذاکرے میں ڈاکٹر ماہہ بشریٰ، ڈاکٹر لادا ٹریفونووا پرائس اور محقق سعد زبیری نے شرکت کی اور اس بات پر گفتگو کی کہ تنازعات اور مشکل حالات میں رپورٹنگ صحافیوں کی ذہنی صحت پر کس طرح اثرانداز ہوسکتی ہے۔

ورکشاپ کے دوسرے روز بھی صحافیوں کے پیشہ ورانہ، ذہنی اور عملی مسائل پر گفتگو کا سلسلہ جاری رہا۔ ڈاکٹر سید فواد علی شاہ نے اخلاقی صدمے اور پیشہ ورانہ دباؤ کے موضوع پر اظہارِ خیال کیا، جب کہ ڈاکٹر عدیل احمد عامر نے نیوز روم میں کام کے دوران پیدا ہونے والے دباؤ اور اس سے نمٹنے کے طریقوں پر بات کی۔

دوسرے روز کی نشستوں میں پروفیسر ڈاکٹر ساویرا مجیب شامی، اینکر پرسن مہمل سرفراز اور سینئر صحافی مبشر بخاری نے بھی شرکت کی اور صحافیوں کو پیش آنے والے مختلف خطرات اور ان کے اثرات پر اپنے خیالات پیش کیے۔

مقررین نے کہا ہے کہ سیٹھوں نے پاکستان میں ٹی وی چینلز تو بنادیے مگر بدقسمتی سے حفاظتی انتظامات کا بندوبست نہیں کیا۔ متعدد صحافی فاٹا اور خیبرپختونخوا میں شہید ہوچکے۔ ایک بڑی تعداد بیروزگار ہوچکی ہے، جن کے پاس روزگار ہے ان کو کئی کئی ماہ تنخواہ نہیں ملتی۔

سینئر صحافی مبشر بخاری نے صحافی تنظیموں، پریس کلبز کی یونٹی پر زوردیا۔

اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر الطاف اللہ خان نے امن صحافت کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے اس کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ دوسری جانب ڈاکٹر ڈیزائری ہِل نے جنگ کے دوران یوکرین میں صحافیوں کی رپورٹنگ کے حوالے سے اپنے تجربات اور مشاہدات شرکاء کے ساتھ شیئر کیے، جن میں جنگی حالات میں صحافتی ذمہ داریاں ادا کرنے کے دوران پیش آنے والے چیلنجز پر بات کی گئی۔

ورکشاپ کے اختتام پر فیکلٹی آف ہیومینیٹیز کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر الطاف اللہ خان اور شعبہ ماس کمیونیکیشن کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر فراست جبین نے اختتامی کلمات ادا کیے۔ انہوں نے ورکشاپ میں شریک تمام مہمانوں، شرکاء اور انتظامی ٹیم کی محنت، کاوشوں اور تعاون کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔

دو روزہ تربیتی ورکشاپ کی اختتامی تقریب میں شرکاء میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔