بیجنگ کے مطابق اس مشن کا مقصد پاکستان اور چین کے درمیان خلائی شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ دونوں ممالک اس شعبے میں تعاون کے 75 سال مکمل ہونے کا سنگ میل بھی منا رہے ہیں۔

چین کے جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محمد ذیشان علی نے کہا کہ وہ اپنے کندھوں پر پاکستان کا نام اور 25 کروڑ پاکستانیوں کی امیدیں لے کر خلا میں جا رہے ہیں۔

شینژو 24 نے بدھ کی صبح 8 بج کر 18 منٹ پر صحرائے گوبی سے پرواز کی۔ مشن میں چینی خلا باز تانگ ہونگ بو بطور کمانڈر اور وو یی بطور فلائٹ انجینئر شامل ہیں۔ لانچ کے چند منٹ بعد ہی اسے مکمل طور پر کامیاب قرار دے دیا گیا۔

خلائی مشن میں پاکستانی خلا باز کیا کریں گے؟

مشن کے دوران خلا باز مختلف سائنسی تجربات کریں گے اور ایرو اسپیس میڈیسن، احتراق اور جانداروں پر خلائی ماحول کے اثرات سے متعلق ٹیکنالوجی کا جائزہ لیں گے۔

اس کے علاوہ وہ یہ بھی تحقیق کریں گے کہ خلا کا ماحول انسانی جسم میں بڑھتی عمر کے اثرات کو کس طرح متاثر کرتا ہے۔ اس تحقیق کا مقصد عمر بڑھنے کے ساتھ پیدا ہونے والی خون کی شریانوں کی بیماریوں کی روک تھام اور علاج کے نئے طریقے تلاش کرنا ہے۔

پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی بیکٹیریا میں ضیائی تالیف کے عمل اور بیجوں پر تابکاری اور مائیکرو گریوٹی یعنی خلا میں انتہائی کمزور کششِ ثقل کے اثرات کا مطالعہ کریں گے۔

سابق فائٹر پائلٹ ذیشان علی مختصر قیام کے بعد زمین پر واپس آجائیں گے۔ ان کے ساتھ دو چینی خلا باز بھی واپس آئیں گے جو مئی سے خلائی اسٹیشن پر موجود ہیں۔

دوسری جانب تانگ ہونگ بو اور وو یی تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر مزید چھ ماہ قیام کریں گے۔ وہاں شینژو 23 مشن کے رکن ژو یانگ ژو بھی موجود ہیں، جو مئی میں خلا میں پہنچے تھے۔ وہ اس دوران طویل عرصے تک خلا میں رہنے کے انسانی جسم پر اثرات کا مطالعہ کر رہے ہیں۔

چین کے لیے اس مشن کی سفارتی اہمیت کیا ہے؟

شینژو 24 صرف ایک سائنسی مشن نہیں بلکہ چین کے لیے سفارتی اعتبار سے بھی اہمیت رکھتا ہے۔

چین اپنے خلائی پروگرام پر اربوں ڈالر خرچ کر چکا ہے اور اس کا تیانگونگ خلائی اسٹیشن اس پروگرام کا اہم حصہ ہے۔ اس اسٹیشن پر عموماً تین خلا بازوں پر مشتمل ٹیمیں تعینات ہوتی ہیں جنہیں ہر چھ ماہ بعد تبدیل کیا جاتا ہے۔

چین اب یہ ظاہر کرنا چاہتا ہے کہ تیانگونگ صرف اس کا اپنا خلائی مرکز نہیں بلکہ دوسرے ممالک کے لیے بھی تحقیق اور تعاون کا ایک بین الاقوامی پلیٹ فارم بن سکتا ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب بیجنگ عالمی خلائی تحقیق میں امریکا کی قیادت والے پروگرام کے متبادل کے طور پر اپنی حیثیت مضبوط کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ چین نے 2030 تک پہلی مرتبہ اپنے خلا بازوں کو چاند پر اتارنے کا ہدف بھی مقرر کر رکھا ہے۔

پاکستان کے لیے یہ مشن کیوں اہم ہے؟

پاکستان کے پاس فی الحال اپنا ایسا خلائی جہاز نہیں جس کے ذریعے وہ خلا بازوں کو خود خلا میں بھیج سکے۔ ایسے میں چین کی جانب سے پاکستانی خلا باز کو اپنے انسان بردار خلائی مشن میں شامل کرنا دونوں ممالک کے خلائی تعاون میں اہم پیش رفت ہے۔

محمد ذیشان علی اور دوسرے پاکستانی امیدوار خرم داؤد نے چین میں تربیت حاصل کی اور چینی ماہرین کی نگرانی میں خلائی مراکز میں کام بھی کیا۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق ذیشان علی نے چینی زبان سیکھنے کو اپنی تربیت کے دوران درپیش سب سے بڑے چیلنجز میں سے ایک قرار دیا۔

یہ مشن پاکستان کے لیے خلائی تحقیق میں عملی شرکت کا ایک نیا موقع فراہم کر رہا ہے، جبکہ چین کے لیے اپنے خلائی پروگرام میں بین الاقوامی شراکت داری کو وسعت دینے کی کوشش کا حصہ ہے۔