ذرائع کے مطابق مالی سال 2025-26 میں پیٹرولیم لیوی کی مجموعی وصولی 1,567 ارب 45 کروڑ روپے تک پہنچ گئی، جو حکومتی ہدف اور آئی ایم ایف کے تخمینے سے بھی زیادہ ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں پیٹرولیم لیوی کی وصولی میں 347 ارب 24 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا۔

مالی سال 2025-26 کے لیے حکومت نے پیٹرولیم لیوی کی وصولی کا ہدف 1,468 ارب روپے مقرر کیا تھا، جبکہ آئی ایم ایف نے اسی مد میں 1,546 ارب روپے وصولی کا تخمینہ لگایا تھا۔یوں حکومت کی اصل وصولی دونوں اعداد سے زیادہ رہی۔

ذرائع کے مطابق کلائمیٹ سپورٹ لیوی کی مد میں بھی 50 ارب 16 کروڑ روپے الگ سے وصول کیے گئے۔

گزشتہ مالی سال 2024-25 میں پیٹرولیم لیوی کی وصولی 1,220 ارب 21 کروڑ روپے رہی تھی، جب کہ مالی سال 2023-24 میں 1,019 ارب روپے اور مالی سال 2022-23 میں 580 ارب روپے وصول کیے گئے تھے۔

ذرائع کے مطابق اس وقت پیٹرول پر 80 روپے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی وصول کی جا رہی ہے، جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 77 روپے 28 پیسے فی لیٹر کے حساب سے لیوی عائد ہے۔

اس کے علاوہ پیٹرول اور ڈیزل دونوں پر 5، 5 روپے فی لیٹر کلائمیٹ سپورٹ لیوی بھی الگ سے وصول کی جا رہی ہے۔