وزارتِ پیٹرولیم ڈویژن نے 26 سے 28 ستمبر 2026 کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے جاری کردہ طریقہ کار کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 2 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 389 روپے 28 پیسے سے بڑھ کر 391 روپے 30 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 59 پیسے کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ڈیزل کی قیمت 412 روپے 12 پیسے سے کم ہوکر 408 روپے 53 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کے نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 26 ستمبر سے ہوگا اور یہ قیمتیں 28 ستمبر 2026 تک برقرار رہیں گی۔

وزارتِ توانائی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ عالمی سطح پر پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر عوامل میں تبدیلی کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل 24 ستمبر کو حکومت نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 84 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 63 پیسے کی کمی کی تھی، جس کے بعد پیٹرول 389 روپے 28 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 412 روپے 12 پیسے فی لیٹر ہوگیا تھا۔

اس سے ایک روز قبل 23 ستمبر کو بھی حکومت نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 1 روپے 93 پیسے کمی کی تھی، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 390 روپے 12 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 21 پیسے کی کمی کے بعد نئی قیمت 414 روپے 75 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔

22 ستمبر کو بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گئی تھی۔ اس موقع پر پیٹرول 1 روپے 70 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 3 روپے 12 پیسے فی لیٹر سستا ہوا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 392 روپے 5 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 418 روپے 96 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی۔

اس سے قبل 21 ستمبر کو حکومت نے پیٹرول 4 روپے 61 پیسے مہنگا کیا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 393 روپے 75 پیسے فی لیٹر مقرر ہوئی تھی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 1 روپے 96 پیسے کمی کے بعد نئی قیمت 422 روپے 8 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔

18 ستمبر کو حکومت نے 21 ستمبر تک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کا اعلان کیا تھا۔ اس کے تحت پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 1 روپے 65 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 88 پیسے کمی کی گئی تھی، جس کے بعد پیٹرول 389 روپے 14 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 424 روپے 4 پیسے فی لیٹر کی سطح پر آگیا تھا۔

واضح رہے کہ ستمبر کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مجموعی طور پر نمایاں اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا۔ رواں ماہ کے ابتدائی 25 دنوں میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں مجموعی طور پر 55 روپے 6 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 59 روپے 93 پیسے اضافہ ہوچکا ہے، جس کے باعث صارفین پر ایندھن کے اخراجات کا اضافی بوجھ پڑا۔

اسی طرح 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 18 مرتبہ کمی اور 29 مرتبہ اضافہ کیا گیا، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اس عرصے کے دوران 16 مرتبہ کمی اور 31 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں اور مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال سے منسلک ہے۔ خطے میں کشیدگی کے باعث عالمی تیل مارکیٹ میں قیمتوں میں تیزی سے تبدیلیاں ہوئیں، جن کے اثرات پاکستان میں بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں پر مرتب ہوئے۔

حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ کی بنیاد پر تعین کا فیصلہ کیا ہے، تاہم ہفتہ اور اتوار کو قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی جاتی اور قیمتیں برقرار رہتی ہیں۔

مسلسل مہنگے ایندھن کے اثرات کم کرنے کے لیے 13 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف نے موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے صارفین کے لیے فی لیٹر پیٹرول پر 100 روپے ریلیف دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔