بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافے کے بعد جمعے کے روز پاکستان کی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کی قیمت بڑھ گئی۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز صرافہ ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 4 ہزار 700 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 4 لاکھ 53 ہزار 36 روپے ہوگئی۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 4 ہزار 29 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد 10 گرام سونے کی نئی قیمت 3 لاکھ 88 ہزار 404 روپے مقرر ہوگئی۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔ عالمی سطح پر سونے کی قیمت 47 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 305 ڈالر فی اونس ہوگئی۔
سونے کے ساتھ ساتھ ملک میں چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ فی تولہ چاندی کی قیمت میں 126 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد ایک تولہ چاندی کی قیمت 6 ہزار 963 روپے ہوگئی۔
واضح رہے کہ سونا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے اور افراط زر، سیاسی و معاشی عدم استحکام اور دیگر معاشی غیر یقینی صورتحال کے دوران اس کی طلب میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
سونا صدیوں سے دولت اور قدر محفوظ رکھنے کے ایک ذریعے کے طور پر استعمال ہوتا رہا ہے۔ جب سرمایہ کار دیگر اثاثوں کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال کا شکار ہوں تو وہ اکثر سونے میں سرمایہ کاری کو ترجیح دیتے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان میں سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کی گئی تھی، جس کے تحت مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت عالمی مارکیٹ کی قیمت سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی گئی۔







