پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 398 روپے 30 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت بڑھ کر 396 روپے 24 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 10، 11 اور 12 اکتوبر کے لیے ہوگا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزارتِ پیٹرولیم ڈویژن نے 9 اکتوبر کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ اس کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے مقرر کردہ طریقۂ کار کے تحت قیمتوں کا تعین کیا تھا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 31 پیسے اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد قیمت 396 روپے 65 پیسے سے بڑھ کر 398 روپے 96 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 78 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد اس کی قیمت 394 روپے 94 پیسے سے بڑھ کر 395 روپے 72 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔ ان قیمتوں کا اطلاق 9 اکتوبر سے ہوا تھا۔

وزارتِ پیٹرولیم کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی منڈی میں خام تیل اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے منسلک ہیں۔ عالمی منڈی میں قیمتوں میں تبدیلی، پٹرولیم مصنوعات کے نرخ، پریمیم اور دیگر اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے نئی قیمتوں کا تعین کیا جاتا ہے۔

حکومت نے 7 اکتوبر کو پیٹرول کی قیمت میں 1 روپے 82 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا، جس کے بعد اس کی قیمت 396 روپے 65 پیسے فی لیٹر مقرر ہوئی تھی۔ اس موقع پر ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 91 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی تھی، جس کے بعد ڈیزل 394 روپے 94 پیسے فی لیٹر ہوگیا تھا۔

اس سے ایک روز قبل، 6 اکتوبر کو بھی پیٹرول کی قیمت میں 1 روپے 19 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 1 روپے 91 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی تھی۔ اس رد و بدل کے بعد پیٹرول 394 روپے 83 پیسے اور ڈیزل 395 روپے 85 پیسے فی لیٹر ہوگیا تھا۔

5 اکتوبر کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 88 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا، جس کے بعد پیٹرول 393 روپے 64 پیسے فی لیٹر ہوگیا تھا۔ دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 1 روپے 88 پیسے فی لیٹر کمی کے بعد نئی قیمت 397 روپے 76 پیسے مقرر کی گئی تھی۔

اس سے قبل حکومت نے 3 اکتوبر سے 5 اکتوبر تک تین روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا۔ اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 10 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 30 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔ اضافے کے بعد پیٹرول 392 روپے 76 پیسے اور ڈیزل 399 روپے 64 پیسے فی لیٹر ہوگیا تھا۔

واضح رہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری بحران کے باعث حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین کر رہی ہے، تاہم ہفتہ اور اتوار کو قیمتیں برقرار رہتی ہیں۔

دوسری جانب مہنگے ایندھن کے اثرات کم کرنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے 13 ستمبر کو موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے صارفین کو فی لیٹر پیٹرول پر 100 روپے ریلیف دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔