قطر کے دارالحکومت دوحہ میں جاری ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے گروپ میچ میں پاکستان اے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم یہ فیصلہ ٹیم کے لیے درست ثابت نہ ہو سکا اور نیپالی بولرز نے ابتدا ہی سے پاکستانی بیٹرز کو دباؤ میں رکھا۔

اوپنر شمائل حسین پہلے ہی اوور میں 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، جب کہ معاذ صداقت بھی 13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

ابتدائی دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد حیدر علی بھی محض 36 رنز کے مجموعی اسکور پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔

حسن نواز نے 59 گیندوں پر 28 رنز بنا کر اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کپتان عبدالصمد کے ساتھ مختصر شراکت قائم کی، جب کہ روحیل نذیر نے بھی ان کا ساتھ دیا۔ تاہم 16ویں اور 17ویں اوور کے دوران پاکستان اے نے یکے بعد دیگرے تین وکٹیں گنوا دیں۔

کپتان عبدالصمد 13 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، جب کہ فرحان یوسف اور محمد عمران بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔

26ویں اوور میں حسن نواز کی وکٹ گرنے کے بعد پاکستان اے کی ٹیم 88 رنز پر 7 وکٹیں گنوا کر شدید مشکلات کا شکار ہوگئی۔

اس مشکل صورت حال میں روحیل نذیر نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے لوئر آرڈر بیٹرز کے ساتھ مل کر اننگز کو آگے بڑھایا۔ انہوں نے احمد دانیال کے ساتھ آٹھویں وکٹ کے لیے 70 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔

احمد دانیال نے 35 گیندوں پر 16 رنز بنائے، جب کہ روحیل نذیر 83 گیندوں پر 64 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس شراکت کی بدولت پاکستان اے 150 رنز کا ہندسہ عبور کرنے میں کامیاب ہوئی۔

بعد ازاں پاکستان اے کی پوری ٹیم 42ویں اوور میں آؤٹ ہوگئی، جس کے بعد نیپال کو کامیابی کے لیے 169 رنز درکار ہیں۔

نیپال کی جانب سے فاسٹ بولر راشد خان نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 8 اوورز میں 39 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ ابھیشیک گوتم نے 2، جب کہ سندیپ لمیچانے اور کُشل بھرتیل نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ 19 سے 29 نومبر تک قطر میں شیڈول 50 اوورز کے اس ٹورنامنٹ میں 8 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں گروپ بی میں شامل ہیں، جس میں نیپال اور متحدہ عرب امارات بھی موجود ہیں۔

پاکستان شاہینز دفاعی چیمپئن کی حیثیت سے ایونٹ میں شریک ہے۔ پاکستان نے ٹورنامنٹ کے اپنے پہلے میچ میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای)، جب کہ دوسرے میچ میں بھارت اے کو شکست دے کر مسلسل دوسری فتح اپنے نام کی تھی۔