وزارت پیٹرولیم ڈویژن نے 9 اکتوبر کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے مقرر کردہ طریقہ کار کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 31 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 396 روپے 65 پیسے سے بڑھ کر 398 روپے 96 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 78 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی قیمت 394 روپے 94 پیسے سے بڑھ کر 395 روپے 72 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 9 اکتوبر سے ہوگا۔

وزارت پیٹرولیم کے اعلامیے کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی مارکیٹ میں خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے منسلک ہیں۔ عالمی مارکیٹ میں ہونے والی تبدیلیوں، پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے نئی قیمتوں کا تعین کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 21 مرتبہ کمی اور 35 مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اس عرصے کے دوران 23 مرتبہ کمی اور 33 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
7 اکتوبر کو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 1 روپے 82 پیسے کا اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 396 روپے 65 پیسے فی لیٹر مقرر ہوئی تھی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 91 پیسے کی کمی کی گئی تھی اور نئی قیمت 394 روپے 94 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔
اس سے ایک روز قبل 6 اکتوبر کو بھی حکومت نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 1 روپے 19 پیسے کا اضافہ کیا تھا، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 1 روپے 91 پیسے کی کمی کی گئی تھی۔ اس رد و بدل کے بعد پیٹرول 394 روپے 83 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 395 روپے 85 پیسے فی لیٹر ہوگیا تھا۔
5 اکتوبر کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 88 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا، جس کے بعد پیٹرول 393 روپے 64 پیسے فی لیٹر ہوگیا تھا، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 1 روپے 88 پیسے کمی کے بعد ڈیزل 397 روپے 76 پیسے فی لیٹر مقرر کیا گیا تھا۔
اس سے قبل گزشتہ ہفتے کے آخری روز حکومت نے 3 اکتوبر سے 5 اکتوبر تک 3 دن کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا۔ جمعہ کو جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 10 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 30 پیسے کا اضافہ کیا گیا تھا۔
اضافے کے بعد پیٹرول کی قیمت 392 روپے 76 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 399 روپے 64 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔
واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری بحران کے باعث حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین کیا جاتا ہے، تاہم ہفتہ اور اتوار کو قیمتیں برقرار رہتی ہیں۔
مسلسل مہنگے ایندھن کے اثرات کم کرنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے 13 ستمبر کو موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے صارفین کے لیے فی لیٹر پیٹرول پر 100 روپے ریلیف دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔







