پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے 4 ستمبر 2026 کے لیے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی سفارشات اور وفاقی حکومت کے مقررہ طریقہ کار کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 84 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 346 روپے 16 پیسے سے بڑھ کر 349 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 28 پیسے اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی قیمت 372 روپے 03 پیسے سے بڑھ کر 374 روپے 31 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے 4 ستمبر کے لیے ہوگا۔
مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کے باعث حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم ہفتہ اور اتوار کو قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی جاتی۔
واضح رہے کہ 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 12 مرتبہ کمی اور 19 مرتبہ اضافہ کیا جا چکا ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اس عرصے کے دوران 10 مرتبہ کمی اور 21 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اس سے ایک روز قبل 3 ستمبر کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 29 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد اس کی قیمت 346 روپے 16 پیسے ہوگئی تھی۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 11 پیسے اضافہ کرکے اسے 372 روپے 03 پیسے فی لیٹر کردیا گیا تھا۔
یکم ستمبر کو بھی پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے 08 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 51 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔
اس سے قبل 31 اگست کو پیٹرول 77 پیسے فی لیٹر مہنگا جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل ایک روپے 03 پیسے سستا کیا گیا تھا۔ 28 اگست کو پیٹرول کی قیمت میں 58 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 17 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی تھی۔







