وزارتِ پیٹرولیم ڈویژن نے 17 سے 19 اکتوبر کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے جاری کردہ طریقہ کار کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 3 روپے 93 پیسے کم ہونے کے بعد 390 روپے 23 پیسے سے گھٹ کر 386 روپے 30 پیسے مقرر کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں کوئی رد و بدل نہیں کیا گیا اور اسے 396 روپے 96 پیسے فی لیٹر برقرار رکھا گیا ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کے نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 17 اکتوبر کی رات 12 بجے سے 19 اکتوبر 2026 تک ہوگا۔

پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق نئی قیمتیں عالمی مارکیٹ میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں سے منسلک ہیں۔ عالمی منڈی میں ہونے والی تبدیلیوں، پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 26 مرتبہ کمی اور 36 مرتبہ اضافہ کیا جا چکا ہے، جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اس عرصے کے دوران 25 مرتبہ کمی اور 36 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز 15 اکتوبر کو حکومت نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 63 پیسے کمی کی تھی، جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 31 پیسے کا اضافہ کیا گیا تھا۔ اس کے بعد پیٹرول کی قیمت 390 روپے 23 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 396 روپے 96 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔

14 اکتوبر کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 1 روپے 20 پیسے اضافہ کیا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 393 روپے 86 پیسے فی لیٹر مقرر ہوئی تھی، جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 17 پیسے کی کمی کے بعد اسے 396 روپے 65 پیسے فی لیٹر مقرر کیا گیا تھا۔

13 اکتوبر کو حکومت نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 71 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 پیسے کی کمی کی تھی، جس کے بعد پیٹرول 392 روپے 66 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 396 روپے 82 پیسے فی لیٹر ہوگیا تھا۔

12 اکتوبر کو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 93 پیسے کمی کی گئی تھی، جس کے بعد پیٹرول 395 روپے 37 پیسے فی لیٹر مقرر ہوا تھا، جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 61 پیسے کا اضافہ کرکے اسے 396 روپے 85 پیسے فی لیٹر مقرر کیا گیا تھا۔

اس سے قبل 10 اکتوبر سے 12 اکتوبر تک کے لیے حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 66 پیسے فی لیٹر کمی کی تھی، جس کے بعد پیٹرول 398 روپے 30 پیسے فی لیٹر ہوگیا تھا، جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 52 پیسے کا اضافہ کیا گیا تھا اور اس کی قیمت 396 روپے 24 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔

واضح رہے کہ مشرقِ وسطیٰ کے بحران کے باعث حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین کیا جاتا ہے، تاہم ہفتہ اور اتوار کو قیمتیں برقرار رہتی ہیں۔

مسلسل مہنگے ایندھن کے اثرات کم کرنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے 13 ستمبر کو موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے صارفین کے لیے فی لیٹر پیٹرول پر 100 روپے ریلیف دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔