سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں خرم شہزاد نے بتایا کہ ستمبر کی آئی ٹی برآمدات دسمبر 2025 میں قائم ہونے والے 43 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کے تاریخی ریکارڈ سے صرف 20 لاکھ ڈالر کم رہیں۔ آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 18 فیصد جبکہ ماہانہ بنیادوں پر 10 فیصد اضافہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ مالی سال 2027 کی پہلی سہ ماہی، یعنی جولائی سے ستمبر کے دوران، آئی ٹی برآمدات کا مجموعی حجم 1 ارب 25 کروڑ ڈالر رہا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں تقریباً 18 فیصد زیادہ ہے۔
خرم شہزاد نے برآمدات میں اضافے کا سہرا مالی سال 2027 کے بجٹ میں برآمد کنندگان، بالخصوص آئی ٹی شعبے کے لیے متعارف کرائی گئی مخصوص مراعات اور ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کو دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدامات برآمدات، قرض کے بغیر زرمبادلہ کی آمدن، زیادہ قدر کی حامل ملازمتوں کے مواقع اور پاکستان کے عالمی منڈیوں سے انضمام کے عمل کو تقویت دے رہے ہیں۔







