وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ نے کہا کہ 2 اور 3 ویلر گاڑیوں کے لیے 20 لیٹر پیٹرول پر جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے 30 لیٹر پیٹرول پر سبسڈی دی جائے گی۔

شزا فاطمہ نے بتایا کہ یہ پروگرام دو حصوں میں تقسیم ہے، جس کے پہلے حصے میں رجسٹریشن کرانا ہوگی۔

ان کے مطابق صارف کو اپنے شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ سم سے REG، شناختی کارڈ نمبر، صوبے کا پہلا ہندسہ اور بائیک یا گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ لکھ کر 9771 پر بھیجنا ہوگا۔

مثال کے طور پر سندھ سے تعلق رکھنے والے صارف کو صوبے کے لیے S لکھنا ہوگا۔

وزیر آئی ٹی نے مزید کہا کہ رجسٹریشن کے بعد جب صارف پیٹرول لینے جائے گا تو اسے 9771 پر TOK لکھ کر پیغام بھیجنا ہوگا۔

اس کے بعد موصول ہونے والا ٹوکن پیٹرول پمپ پر دکھا کر سبسڈی حاصل کی جاسکے گی۔

شزا فاطمہ کا کہنا تھا کہ شہری اپنا شناختی کارڈ نمبر یا کوئی بھی ذاتی ڈیٹا کسی سے شیئر نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت شہریوں سے نہ کوئی ڈیٹا مانگے گی اور نہ ہی کسی قسم کے چارجز طلب کرے گی۔ اسکیم میں جو بھی غلطیاں سامنے آئیں گی، انہیں دیکھا جائے گا اور درست کیا جاتا رہے گا۔

واضح رہے کہ حکومتی اسکیم کے تحت اسلام آباد کے شہری 14 اور 15 ستمبر کی درمیانی شب 12 بجے سے، جبکہ ملک بھر بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے شہری 16 اور 17 ستمبر کی درمیانی شب 12 بجے سے پیٹرول پر ریلیف حاصل کرسکیں گے۔