آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت 3 ہزار 900 روپے کے اضافے کے بعد 4 لاکھ 69 ہزار 136 روپے ہوگئی ہے۔

اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 3 ہزار 344 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد 10 گرام سونا 4 لاکھ 2 ہزار 208 روپے کا ہوگیا۔

دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت 39 ڈالر کے نمایاں اضافے کے بعد 4 ہزار 466 ڈالر فی اونس ہوگئی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخ بڑھنے کے اثرات مقامی صرافہ مارکیٹ پر بھی پڑے، جس کے نتیجے میں پاکستان میں سونے کی قیمت میں اضافہ ہوا۔

چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور فی تولہ چاندی 117 روپے مہنگی ہونے کے بعد 7 ہزار 161 روپے ہوگئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی پاکستان میں سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ ہوا تھا، جب فی تولہ سونا 11 ہزار 200 روپے مہنگا ہوکر 4 لاکھ 65 ہزار 236 روپے ہوگیا تھا، جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 9 ہزار 602 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 98 ہزار 864 روپے کی سطح پر پہنچ گئی تھی۔

اس سے قبل 2 ستمبر کو فی تولہ سونا 11 ہزار 300 روپے سستا ہوکر 4 لاکھ 54 ہزار 36 روپے ہوگیا تھا، جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 9 ہزار 688 روپے کی کمی کے بعد 3 لاکھ 89 ہزار 262 روپے ہوگئی تھی۔

یکم ستمبر کو بھی پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 800 روپے کی کمی ہوئی تھی، جس کے بعد قیمت 4 لاکھ 65 ہزار 336 روپے ہوگئی تھی، جبکہ 10 گرام سونا 686 روپے سستا ہوکر 3 لاکھ 98 ہزار 950 روپے کا ہوگیا تھا۔

31 اگست کو فی تولہ سونا 1800 روپے سستا ہونے کے بعد 4 لاکھ 66 ہزار 136 روپے، جبکہ 10 گرام سونا 1543 روپے کی کمی کے بعد 3 لاکھ 99 ہزار 636 روپے کا ہوگیا تھا۔

29 اگست کو سونے کی فی تولہ قیمت میں 15 ہزار 100 روپے جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت میں 12 ہزار 946 روپے کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی تھی، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 67 ہزار 936 روپے اور 10 گرام سونا 4 لاکھ 1 ہزار 179 روپے کی سطح پر آگیا تھا۔؎

ماہرین کے مطابق سونے کی قیمتیں عالمی معاشی صورتِ حال، مرکزی بینکوں کی پالیسیوں، افراطِ زر کے خدشات اور بین الاقوامی سیاسی کشیدگی سمیت مختلف عوامل سے متاثر ہوتی ہیں، جس کے باعث گزشتہ چند ہفتوں کے دوران عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں نمایاں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا ہے۔

صرافہ ڈیلرز کا کہنا ہے کہ اگر عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت مزید کم ہوتی ہے تو آئندہ چند روز میں مقامی مارکیٹ میں بھی کمی کا امکان ہے، تاہم عالمی سطح پر معاشی یا سیاسی غیر یقینی میں اضافہ سونے کی قیمتوں کو دوبارہ اوپر لے جا سکتا ہے۔

زیورات کی خریداری کرنے والے شہریوں کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں حالیہ اتار چڑھاؤ کے باوجود سونا اب بھی عام خریدار کی پہنچ سے کافی دور ہے، تاہم اگر قیمتوں میں مزید کمی آتی ہے تو شادی بیاہ کے سیزن سے قبل سونے کی خریداری میں اضافہ ہوسکتا ہے۔