ایک وائرل ویڈیو میں ٹرمپ سڑک کنارے ستو کا شربت تیار کرتے اور اسے ’ٹرمپ ستو کا شربت‘ کے نام سے فروخت کرتے نظر آتے ہیں۔ مصنوعی ذہانت اور ویڈیو ایڈیٹنگ کی مدد سے تیار کردہ اس مزاحیہ کلپ میں انہیں کاروباری مقابلے پر گفتگو کرتے اور اپنی زندگی سے خوش دکھایا گیا ہے۔

ایک اور ویڈیو میں ٹرمپ گلیوں میں قلفی فروخت کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ وہ روایتی خوانچہ فروش کے انداز میں آواز لگاتے ہوئے کہتے ہیں، ’کھوئے والی قلفی لے لو، کھوئے والی قلفی!‘

اسی طرح سوشل میڈیا صارف کریشا نے ٹرمپ کی سبزی فروخت کرتے ہوئے ایک مزاحیہ ویڈیو شیئر کی۔ اس کے ساتھ انہوں نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ انتخابی شکست کے بعد ٹرمپ کا اگلا منصوبہ شاید یہی ہو گا۔

ایک اور ویڈیو میں ٹرمپ کو وائٹ ہاؤس سے نکال کر کوڑے دان میں پھینکتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جسے انتخابی نتائج کے تناظر میں مزاحیہ انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیموکریٹس نے سینیٹ میں ریپبلکنز کی چھ نشستیں جیت کر اکثریت حاصل کی، جبکہ ایوانِ نمائندگان میں بھی کم از کم آٹھ نشستیں ریپبلکنز سے چھین لیں۔

انتخابی نتائج کے بعد صدر ٹرمپ نے انہیں تسلیم کرنے اور ڈیموکریٹس کے ساتھ مل کر کام کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔