دنیا کے کروڑوں مسیحیوں کے روحانی پیشوا رہنے والے پوپ فرانسس کی زندگی کا ایک ایسا پہلو سامنے آیا ہے جس کا عام طور پر ان کے پیروکاروں کو علم نہیں تھا۔ اپنی نجی ڈائری میں انہوں نے تین مرتبہ شیطان کو دیکھنے اور ایک رات جہنم کے دروازے نظر آنے کا ذکر کیا تھا۔
24 نومبر کو شائع ہونے والی کتاب ’دی پرائیویٹ ڈائری آف پوپ فرانسس‘ میں ان کی ذاتی ڈائری کے منتخب حصے شامل کیے گئے ہیں۔ ان تحریروں میں صرف مذہبی معاملات ہی نہیں بلکہ خوف، ذہنی کشمکش، اختیارات کے استعمال اور اپنے ایمان سے متعلق ان کے ذاتی احساسات بھی سامنے آئے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق پوپ فرانسس نے جنوری 2021 کی ایک ڈائری میں زندگی کے تین ایسے واقعات کا ذکر کیا جن میں ان کے خیال میں انہوں نے شیطان کو دیکھا تھا۔
ان میں سے ایک واقعہ پوپ بننے کے بعد پیش آیا، جب وہ ویٹیکن کے عہدیداروں کے ساتھ ایک ملاقات میں موجود تھے۔ اس واقعے کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ وہ اس آواز کی شدت اور کھردرے پن کو کبھی نہیں بھول سکتے۔ ان کے بقول خدا نے انہیں اس ملاقات سے نکلنے کا موقع دیا جس سے وہ اس کیفیت سے باہر آ سکے۔
جہنم کے دروازے دیکھے تو کیا کیا؟
شیطان کو دیکھنے کے دعوے کے علاوہ پوپ فرانسس نے جون 2018 کی ایک ڈائری میں ایک اور غیر معمولی تجربے کا ذکر کیا۔
انہوں نے لکھا کہ ایک رات انہوں نے جہنم کے دروازے دیکھے اور اندر جھانکنے کی کوشش کی، لیکن اس منظر نے انہیں خوف زدہ کر دیا۔
پوپ فرانسس کے مطابق اس موقع پر انہوں نے اپنی مدد کے لیے روزری کا استعمال کیا۔ روزری کیتھولک مسیحیوں کی مخصوص دعائیہ تسبیح ہے جسے انہوں نے اپنی مدد کے لیے ہتھیار سے تشبیہ دی۔
انہوں نے اس مدد پر خدا کا شکر ادا کیا۔ کتاب میں ان واقعات کو ان کے ذاتی روحانی تجربات کے طور پر بیان کیا گیا ہے۔
پوپ کی سب سے بڑی آزمائش کیا تھی؟
کتاب کا ایک اہم حصہ پوپ فرانسس کی تقریباً دو سالہ روحانی کشمکش سے متعلق ہے جو 2021 میں شروع ہوئی تھی۔
اس عرصے میں انہیں ایک طرف کیتھولک چرچ کے انتظامی معاملات چلانے اور اہم فیصلے کرنے کا دباؤ درپیش تھا تو دوسری طرف وہ اپنے ایمان اور اختیارات کے درست استعمال کے حوالے سے بھی پریشان تھے۔
کتاب مرتب کرنے والے کارڈینل وکٹر فرنانڈیز کے مطابق پوپ فرانسس نے بالآخر اس دور کو اپنی زندگی کی سب سے سخت آزمائش قرار دیا۔
ان کی ایک بڑی پریشانی یہ تھی کہ کہیں وہ شیطان کی ترغیب کا شکار ہو کر دوسروں کو اپنی مرضی کے مطابق استعمال کرنے یا ان پر قابو پانے والے شخص نہ بن جائیں۔
2023 میں ایک بشپ نے ان سے سوال کیا تھا کہ انہوں نے ویٹیکن کے ایک ایسے عہدیدار کو کیوں نہیں ڈانٹا جو عوامی سطح پر ان کے خلاف باتیں کر رہا تھا۔
پوپ فرانسس نے جواب دیا کہ انہیں اپنے دل میں یہ احساس ہوتا ہے کہ خدا نہیں چاہتا کہ وہ ایسے شخص بنیں جو لوگوں کو کٹھ پتلیوں کی طرح اپنی مرضی کے مطابق استعمال کرے۔
ڈائری میں چرچ کی غلطیوں کا اعتراف بھی
پوپ فرانسس کی ڈائری میں ان کے دورِ پوپ کے متنازع واقعات کا ذکر بھی موجود ہے۔
ان میں 2018 میں چلی کا دورہ خاص طور پر اہم ہے۔ اس دورے کے دوران انہیں ایک بشپ کے خلاف جنسی زیادتی کے الزامات اور ان واقعات کو چھپانے کے معاملے پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
ابتدا میں پوپ فرانسس نے الزامات مسترد کیے تھے، تاہم بعد میں انہوں نے معذرت کی اور چلی کے بشپوں کو روم طلب کیا۔
2021 کی ایک ڈائری میں انہوں نے اس معاملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ان کے لیے یہ تسلیم کرنا مشکل تھا کہ وہاں کیا ہوا تھا۔ انہیں اندازہ نہیں تھا کہ معاملہ اتنا سنگین تھا۔
اپنے ناقدین اور جانشین کے بارے میں کیا سوچتے تھے؟
کتاب میں پوپ فرانسس کے جانشین پوپ لیو چہاردہم کے بارے میں ان کے خیالات بھی شامل ہیں۔
کارڈینل فرنانڈیز کے مطابق پوپ فرانسس نے امریکی کارڈینل رابرٹ پریوسٹ کو ایک بہترین پادری، فیاض مشنری اور بے عیب انسان قرار دیا تھا۔ پریوسٹ کو مئی 2025 میں پوپ فرانسس کے انتقال کے بعد نیا پوپ منتخب کیا گیا اور انہوں نے پوپ لیو چہاردہم کا نام اختیار کیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ پوپ فرانسس نے اپنے دو نمایاں ناقدین کارڈینل رابرٹ سارہ اور کارڈینل گیرہارڈ ملر کے بارے میں بھی مثبت خیالات کا اظہار کیا تھا۔
32 سالہ ڈائری میں کیا کچھ محفوظ تھا؟
’دی پرائیویٹ ڈائری آف پوپ فرانسس‘ میں 1992 سے اگست 2024 تک کی تحریروں کے منتخب اقتباسات شامل ہیں۔
اسے کارڈینل وکٹر فرنانڈیز نے مرتب کیا ہے، جنہیں پوپ فرانسس نے 2023 میں ویٹیکن کے محکمہ برائے عقیدہ کا سربراہ مقرر کیا تھا۔ انہوں نے ڈائری کے اقتباسات کے ساتھ اپنی وضاحتیں بھی شامل کی ہیں۔
پوپ فرانسس اپریل 2025 میں 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ وہ 12 سال تک کیتھولک چرچ کے سربراہ رہے۔
رائٹرز کے مطابق 1960 کی دہائی کے بعد کسی پوپ کی نجی ڈائری پہلی مرتبہ ان کے انتقال کے بعد اس انداز میں عوام کے سامنے آئی ہے۔
یہ کتاب پوپ فرانسس کی شخصیت کا ایک ایسا رخ سامنے لاتی ہے جو ان کی عوامی تقاریر اور مذہبی حیثیت سے مختلف ہے۔ اس میں ایک ایسے شخص کی ذاتی کشمکش درج ہے جو دنیا کے کروڑوں لوگوں کے لیے روحانی رہنما تھا، لیکن خود بھی خوف، بے چینی اور اپنے فیصلوں کے درست ہونے کے سوالات سے دوچار رہا۔







