33 سالہ دلہا اور 28 سالہ دلہن کی شادی 6 اکتوبر کو صوبہ ژجیانگ میں ہوئی۔ ایک سوشل میڈیا صارف نے ان کی شادی کی تصویر آن لائن شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ جوڑے کا نام ایک ہے اور اسے ایک جیسے چینی حروف میں لکھا جاتا ہے، جس کے بعد یہ معاملہ لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گیا۔

دلہن کے مطابق ان کے جو رشتے دار دلہا کو نہیں جانتے تھے، انہیں لگا کہ شادی کے انتظامات کرنے والے شخص سے غلطی ہو گئی ہے۔ جب انہیں معلوم ہوا کہ یہ غلطی نہیں بلکہ اتفاق ہے تو ان کا کہنا تھا کہ اس جوڑے کا ملنا قسمت میں لکھا تھا۔

جوڑے میں مماثلت صرف نام تک محدود نہیں۔ دونوں کا تعلق ژجیانگ ہی سے ہے اور دونوں سول ایوی ایشن کی صنعت میں کام کرتے ہیں۔ دلہن فلائٹ اٹینڈنٹ ہے، جبکہ دلہا ایوی ایشن سیفٹی آفیسر ہے۔

رپورٹس کے مطابق دونوں 2016 میں ایک جاب فیئر میں شریک ہوئے تھے۔ جب انٹرویو لینے والے نے زو شیاؤ کونگ کا نام پکارا تو دونوں ایک ساتھ کھڑے ہو گئے۔ اس وقت دونوں نے اسے معمولی اتفاق سمجھا۔

بعد میں دلہا کا ایک ساتھی، جو دلہن کے ساتھ پڑھ چکا تھا، ناموں کی مماثلت نوٹ کر کے دونوں کو ایک دوسرے سے متعارف کرانے کا سبب بنا۔ 2019 سے دونوں ایک دوسرے سے مل رہے تھے۔

ایک جیسے نام کی وجہ سے جوڑے کو دلچسپ مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔ مئی میں شادی کی رجسٹریشن اور جائیداد کی ملکیت کے سرٹیفکیٹ کی درخواست دینے پر کمپیوٹر سسٹم کے لیے ان کی تفصیلات الگ الگ پڑھنا مشکل ہو گیا، جس کے بعد عملے کو یہ کام ہاتھ سے کرنا پڑا۔

سوشل میڈیا صارفین اس اتفاق کو جوڑے کی قسمت قرار دے رہے ہیں۔