انڈین میڈیا کے مطابق فلم کے کلائمکس کی شوٹنگ کے دوران ایک خطرناک اسٹنٹ کیا جا رہا تھا، جس میں کرین کے ساتھ لٹکی ہوئی ایک کار اچانک ہوا میں الٹ گئی اور نیچے کھڑی کالی رنگ کی ایک وین پر جاگری۔

حادثے کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے، جس میں کار کو اداکار عمران ہاشمی کے انتہائی قریب سے گزرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ حادثہ اتنا خطرناک تھا کہ موقع پر موجود افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

رپورٹس کے مطابق حادثے میں کسی جانی نقصان یا کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔

فلم سازوں کی جانب سے تاحال اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا کہ حادثہ پہلے سے طے شدہ اسٹنٹ کا حصہ تھا یا شوٹنگ کے دوران کسی تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا۔

فلم ’گن ماسٹر جی 9‘ میں عمران ہاشمی کے ساتھ جینیلیا ڈی سوزا، اپرشاکتی کھرانہ اور ابھشیک سنگھ اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔

فلم کے پروڈیوسرز میں دیپک مکٹ، ہنر مکٹ اور سنگیتا آہیر شامل ہیں، جب کہ ہدایت کاری کے فرائض آدتیہ دت نے انجام دیے ہیں۔ ایکشن اور رومانس پر مبنی یہ فلم رواں سال 27 نومبر کو دنیا بھر کے سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

واضح رہے کہ عمران ہاشمی کو آخری بار فلم ’آوارہ پن 2‘ میں دیکھا گیا تھا، جو باکس آفس پر رواں سال کی بڑی کامیاب فلموں میں شامل رہی۔