اسی دوران فلم کے مرکزی اداکار عامر خان نے انکشاف کیا کہ ایک خاص منظر کی شوٹنگ کے دوران ساتھی اداکار اکشے کھنہ نے انہیں ایک یا دو نہیں بلکہ 17 مرتبہ تھپڑ مارے تھے۔

فلم کی 25ویں سالگرہ کے موقع پر ہونے والی گفتگو میں مشہور تھپڑ والے منظر کا بھی ذکر ہوا۔ اداکار سیف علی خان نے عامر خان سے سوال کیا کہ کیا فلم میں دکھایا گیا تھپڑ واقعی مارا گیا تھا؟ اس پر فلم کے ہدایت کار فرحان اختر نے جواب دیا کہ ہاں، یہ اصلی تھپڑ تھا۔

فرحان اختر نے بتایا کہ انہوں نے عامر خان کو پہلے ہی آگاہ کردیا تھا کہ اکشے کھنہ انہیں واقعی تھپڑ ماریں گے، جس پر عامر خان نے رضامندی ظاہر کردی۔ تاہم فرحان نے اکشے کھنہ کو ہدایت دی کہ وہ عامر کو اس وقت تھپڑ ماریں جب وہ اپنے ڈائیلاگ بول رہے ہوں، تاکہ ان کا چونکنے والا ردعمل کیمرے میں حقیقی محسوس ہو۔

ہدایت کار کے مطابق عامر خان نے بعد میں خود بھی کہا کہ انہیں حقیقت میں تھپڑ مارنے دیا جائے کیونکہ اس سے وہ کردار اور منظر کی کیفیت میں زیادہ بہتر انداز میں داخل ہو رہے تھے۔ عامر خان بار بار اس منظر کو دوبارہ کرنے پر بھی اصرار کرتے رہے۔

عامر خان نے اس بارے میں کہا کہ جب کسی کو حقیقت میں تھپڑ مارا جاتا ہے تو منظر زیادہ جاندار محسوس ہوتا ہے۔

فرحان اختر نے شوٹنگ کے حالات یاد کرتے ہوئے بتایا کہ منظر مکمل ہونے تک عامر خان کا گال واقعی سوج گیا تھا اور چہرے پر تھپڑ کا نشان بھی پڑ گیا تھا، تاہم اس محنت کا نتیجہ یہ نکلا کہ منظر انتہائی حقیقی اور جاندار محسوس ہوا۔

سیف علی خان کو بھی تین تھپڑ پڑے

اسی گفتگو میں فلم کی اداکارہ سوچترا پلئی نے بھی اپنے ایک تھپڑ والے منظر کی یاد تازہ کی۔ انہوں نے فلم میں سیف علی خان کی آن اسکرین گرل فرینڈ کا کردار ادا کیا تھا۔

سوچترا نے بتایا کہ آج بھی بعض لوگ انہیں ’دل چاہتا ہے‘ کی ’تھپڑ گرل‘ کے نام سے یاد کرتے ہیں، کیونکہ انہوں نے فلم میں سیف علی خان کو تین تھپڑ مارے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ سیف علی خان کو تھپڑ مارنے والے منظر کے لیے وہ کافی ہچکچائی تھیں۔ انہوں نے فرحان اختر سے پوچھا تھا کہ یہ سیف علی خان ہیں، وہ انہیں کیسے تھپڑ ماریں؟ کیا انہیں تھیٹر کی طرح تھپڑ مارنا ہوگا؟

سوچترا کے مطابق فرحان اختر نے انہیں واضح ہدایت دی کہ آگے بڑھیں اور سیف علی خان کو تھپڑ ماریں۔ اس کے بعد انہوں نے اس منظر کے لیے سیف علی خان کو تین مرتبہ تھپڑ مارا۔

شرمیلا ٹیگور کا دلچسپ ردعمل

سوچترا پلئی نے ایک اور دلچسپ واقعہ بھی سنایا۔ انہوں نے بتایا کہ بعد میں جب ان کی ملاقات سیف علی خان کی والدہ اور سینئر اداکارہ شرمیلا ٹیگور سے ہوئی تو انہوں نے انہیں بتایا کہ فلم میں انہوں نے ان کے بیٹے کو تھپڑ مارا تھا۔

اس پر شرمیلا ٹیگور نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ انہیں امید ہے کہ وہ تھپڑ زور دار لگا ہوگا۔

’دل چاہتا ہے‘ کی 25 سالہ یادیں تازہ

یاد رہے کہ ’دل چاہتا ہے‘ فرحان اختر کی ہدایت کاری میں بننے والی پہلی فلم تھی۔ فلم میں عامر خان، سیف علی خان اور اکشے کھنہ کے علاوہ پریتی زنٹا، ایوب خان اور رجت کپور سمیت دیگر اداکاروں نے بھی کردار ادا کیے تھے۔

فلم دوستی، محبت اور رشتوں کے موضوع پر بنائی گئی تھی اور آج بھی نئی نسل سمیت فلم شائقین میں مقبول ہے۔ فلم نے ہندی زبان کی بہترین فیچر فلم کا نیشنل ایوارڈ بھی حاصل کیا تھا۔