راولپنڈی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں روزانہ ہزاروں ٹن کوڑا جمع ہوتا ہے، جسے اب ضائع کرنے کے بجائے توانائی اور آمدن کا ذریعہ بنانے پر غور کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ کوڑے سے بائیو گیس تیار کی جائے اور وہ آئندہ ایک ہزار دنوں میں اس منصوبے کو عملی شکل دینا چاہتی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق ستھرا پنجاب منصوبہ غیر معمولی کامیابی حاصل کر چکا ہے اور صوبے کے مختلف شہروں میں تقریباً دو لاکھ اہلکار صفائی کے انتظامات انجام دے رہے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ اس منصوبے کی کامیابی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں انتخابی کامیابی کے بعد ستھرا آزاد کشمیر کے نام سے صفائی کا منصوبہ شروع کیا گیا، جبکہ خیبرپختونخوا میں بھی اسی طرز پر صاف ستھرا خیبرپختونخوا منصوبہ متعارف کرایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اب صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے ساتھ کوڑے سے توانائی پیدا کرنے اور اسے معاشی فائدے میں تبدیل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ ان کے بقول آئندہ ایک ہزار دنوں میں بھی ترقیاتی کاموں کی رفتار برقرار رکھی جائے گی۔

نوجوانوں کی محنت اور کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ وہ سوشل میڈیا پر نوجوانوں کی ویڈیوز شوق سے دیکھتی ہیں، خصوصاً جب نوجوان لیپ ٹاپس کی اَن باکسنگ کرتے ہیں تو انہیں خوشی ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جو اپنے نوجوانوں کی محنت، نتائج اور کامیابیوں کو سراہنے کے ساتھ انہیں سلام پیش کرتا ہے اور گارڈ آف آنر بھی دیتا ہے۔