پاکستان کے وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال بھی اس تاریخی موقع پر چین میں موجود ہیں۔ پاکستانی خلا باز چین کے خلائی اسٹیشن پر تقریباً ایک ہفتہ قیام کریں گے اور اس دوران تین سائنسی تجربات انجام دیں گے۔

پاکستان کے خلائی تحقیقاتی ادارے سپارکو کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شفاعت علی کے مطابق خلا باز زمین سے روانگی کے پانچ سے چھ گھنٹے کے اندر تیانگونگ خلائی اسٹیشن پہنچ جائیں گے، جو زمین سے تقریباً 400 کلومیٹر کی بلندی پر مدار میں گردش کر رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستانی خلا باز بائیو ٹیکنالوجی، میٹریلز سائنس اور فلوئڈ فزکس کے شعبوں میں تجربات کریں گے۔ ان تجربات کے لیے سپارکو نے ملک بھر کی جامعات سے 300 سے زائد تجاویز حاصل کی تھیں، جن میں سے چینی ماہرین کی معاونت سے تین تجربات منتخب کیے گئے۔

ڈاکٹر شفاعت علی کے مطابق ان تجربات کے لیے خلائی اسٹیشن کا انتخاب اس لیے کیا گیا ہے کہ وہاں مائیکرو گریوٹی یعنی انتہائی کم کششِ ثقل کی صورتِ حال میں سائنسی مشاہدات کیے جا سکتے ہیں۔ پاکستانی خلا باز تجربات کے نتائج اپنے ساتھ زمین پر واپس لائیں گے، جو خلائی سائنس اور مستقبل کے مشنز کے لیے مفید ثابت ہو سکتے ہیں۔

خلائی اسٹیشن پر قیام اور واپسی کیسے ہوگی؟

سپارکو کے ڈائریکٹر کے مطابق شینژو 24 مشن کے چینی خلا باز تقریباً چھ ماہ تک خلائی اسٹیشن پر قیام کریں گے، جبکہ پاکستانی خلا باز کا قیام تقریباً ایک ہفتے پر مشتمل ہوگا۔

پاکستانی خلا باز اپنا مشن مکمل کرنے کے بعد چین کے شینژو 23 مشن کے عملے کے ساتھ زمین پر واپس آئیں گے، جو خلائی اسٹیشن پر اپنی چھ ماہ کی مدت مکمل کر رہا ہوگا۔

ڈاکٹر شفاعت علی نے بتایا کہ تیانگونگ خلائی اسٹیشن زمین کے گرد ایک چکر تقریباً 90 منٹ میں مکمل کرتا ہے اور یوں ایک دن میں زمین کے 16 چکر لگاتا ہے۔ اس دوران اسٹیشن پر موجود خلا باز روزانہ 16 مرتبہ سورج طلوع اور غروب ہوتے دیکھتے ہیں۔

پاکستانی خلا بازوں کا انتخاب کیسے ہوا؟

فروری 2025 میں سپارکو اور چین کی انسانی خلائی ایجنسی کے درمیان معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت پاکستان کے دو خلا بازوں کو چین کی معاونت سے تربیت دی جانی تھی اور ان میں سے ایک کو خلائی اسٹیشن بھیجا جانا تھا۔

سپارکو کے مطابق انتخاب کے ابتدائی مرحلے میں ملک بھر سے 35 امیدواروں کو شارٹ لسٹ کیا گیا۔ بعد ازاں امیدواروں کو مزید تربیت اور انتخابی عمل کے لیے چین بھیجا گیا، جہاں سے محمد ذیشان علی اور خرم داؤد کا حتمی انتخاب کیا گیا۔ دونوں خلا بازوں کی باقاعدہ تربیت اپریل 2026 میں شروع ہوئی تھی۔

سپارکو کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شفاعت علی کے مطابق تکنیکی اور حفاظتی ضوابط کے تحت حتمی خلا باز کے نام کا باضابطہ اعلان روانگی سے 24 گھنٹے قبل کیا جاتا ہے۔ دونوں امیدواروں نے یکساں تربیت حاصل کی، تاہم حتمی انتخاب کے لیے ان کے آخری ٹیسٹ اور طبی جائزے کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔

سپارکو کے ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل محمد عثمان صادق کے مطابق خلائی مشنز کے لیے ایک سے زیادہ خلا بازوں کو تربیت دینے کا مقصد متبادل امیدوار کی دستیابی یقینی بنانا ہوتا ہے۔ اگر منتخب خلا باز بیماری یا کسی دوسرے مسئلے کی وجہ سے مشن میں حصہ نہ لے سکے تو متبادل امیدوار اس کی جگہ لے سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ماضی میں فائٹر پائلٹس کو خلا بازوں کے انتخاب میں ترجیح دی جاتی رہی ہے کیونکہ ان کی جسمانی فٹنس، تربیت اور مشکل ماحول سے مطابقت پیدا کرنے کی صلاحیت بہتر ہوتی ہے۔ تاہم جدید ٹیکنالوجی کے باعث اب سائنس، ٹیکنالوجی اور انجینیئرنگ کے شعبوں میں ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کرنے والے افراد بھی خلا باز بن سکتے ہیں۔

خلائی تحقیق کے ماہر ڈاکٹر قمر السلام کے مطابق چین پاکستان سمیت مختلف ممالک کو اپنے خلائی اسٹیشن پر سائنسی تجربات کرنے کا موقع فراہم کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فائٹر پائلٹس کی خصوصی تربیت اور ماحول سے مطابقت پیدا کرنے کی صلاحیت انہیں خلائی مشنز کے لیے موزوں بناتی ہے۔