وزیراعظم محمد شہباز شریف سے آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم سید افتخار گیلانی نے ملاقات کی، جس میں خطے کی مجموعی ترقی، عوام کو درپیش مسائل، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ ملاقات کے دوران وفاقی حکومت اور آزاد کشمیر کی حکومت کے درمیان تعاون کو مزید مؤثر بنانے اور جاری منصوبوں کو آگے بڑھانے سے متعلق امور بھی زیرِ بحث آئے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر کی ترقی اور وہاں کے عوام کی خوشحالی وفاقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تعلیم، صحت، بنیادی ڈھانچے اور دیگر عوامی ضروریات سے متعلق منصوبوں کے لیے وفاقی حکومت اپنا تعاون جاری رکھے گی تاکہ علاقے میں ترقیاتی سرگرمیوں کو مزید تیز کیا جاسکے۔
وزیراعظم نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت سے پیچھے نہیں ہٹے گا اور اس مقصد کے لیے ہر سطح پر اخلاقی، سیاسی اور سفارتی تعاون جاری رکھا جائے گا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم آزاد کشمیر سید افتخار گیلانی نے وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ دورۂ آزاد کشمیر پر ان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں علاقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے آزاد کشمیر میں حال ہی میں شروع کیے گئے 100 روزہ ترقیاتی پروگرام پر ہونے والی پیشرفت سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔
سید افتخار گیلانی نے ترقیاتی پروگرام پر عمل درآمد کے سلسلے میں وفاقی حکومت کی معاونت کو سراہتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کو آگے بڑھانے اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ بھی موجود تھے۔







