چین کی خلائی ایجنسی نے منگل 24 نومبر کو شینژو۔24 مشن کے عملے کا باضابطہ اعلان کیا۔ یہ خلائی جہاز بدھ 25 نومبر کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 18 منٹ پر شمال مغربی چین کے جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے روانہ ہوگا۔

اس مشن میں پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کے ساتھ چین کے دو خلا باز تانگ ہونگ بو اور وو یی شامل ہیں۔ تانگ ہونگ بو مشن کے کمانڈر ہوں گے جبکہ وو یی فلائٹ انجینیئر کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔ محمد ذیشان علی پے لوڈ اسپیشلسٹ کے طور پر کام کریں گے۔

یہ چین کے انسانی خلائی پروگرام کی تاریخ میں پہلی مشترکہ خلائی پرواز ہوگی جس میں چینی اور غیر ملکی خلا باز ایک ساتھ سفر کریں گے۔ ذیشان علی چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر جانے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بھی ہوں گے۔

محمد ذیشان علی کون ہیں اور خلا تک کیسے پہنچے؟

محمد ذیشان علی پاکستان کے مسلح افواج کے سابق پائلٹ ہیں۔ انہیں رواں سال اپریل میں چین کے انسانی خلائی پروگرام کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔ پاکستان نے اس مقصد کے لیے دو امیدواروں محمد ذیشان علی اور خرم داؤد کو شارٹ لسٹ کیا تھا۔

دونوں امیدواروں نے بیجنگ میں واقع چین کے خلائی تربیتی مرکز میں کئی ماہ تک سخت تربیت حاصل کی۔ اس دوران انہیں خلائی جہاز کے آپریشنز، سائنسی تجربات، ہنگامی حالات سے نمٹنے اور خلائی اسٹیشن میں رہنے کے طریقوں سے متعلق تربیت دی گئی۔

حتمی انتخاب کے بعد محمد ذیشان علی کو مشن کا حصہ بنایا گیا جبکہ خرم داؤد متبادل خلا باز کے طور پر تیار رہیں گے۔

ذیشان علی کے مطابق وہ اس مشن کو صرف اپنی ذاتی کامیابی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی نمائندگی سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستانی عوام کے خواب اپنے ساتھ خلا میں لے کر جا رہے ہیں۔

پاکستانی خلا باز کے لیے خلا میں خصوصی انتظامات کیوں کیے گئے؟

چین کے خلائی اسٹیشن پر ایک پاکستانی خلا باز کی موجودگی کے باعث مشن کی تیاریوں میں کچھ خصوصی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔

چینی خلائی پروگرام کے متعلقہ ادارے نے چینی اور انگریزی زبانوں میں آپریشنل ہدایات تیار کی ہیں تاکہ ذیشان علی کو خلائی اسٹیشن میں کام کرنے اور دیگر خلا بازوں کے ساتھ رابطے میں آسانی ہو۔

اس کے علاوہ ان کی کھانے کی ترجیحات کو مدنظر رکھتے ہوئے حلال خلائی خوراک کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔

لانچنگ مرکز کے حکام کے مطابق روانگی سے پہلے خلائی جہاز اور عملے کی تیاری کے لیے درجہ حرارت اور نمی کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے ایک ذہین نگرانی کا نظام بھی استعمال کیا گیا ہے تاکہ لانچنگ سے پہلے تمام ضروری تقاضے پورے کیے جا سکیں۔

شینژو۔24 خلائی جہاز اور اسے خلا میں لے جانے والا لانگ مارچ 2 ایف راکٹ 17 نومبر کو لانچنگ کے مقام پر منتقل کیا گیا تھا۔

خلا میں کتنے دن قیام ہوگا اور واپسی کیسے ہوگی؟

محمد ذیشان علی چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر تقریباً ایک ہفتہ قیام کریں گے۔ یہ چینی خلا بازوں کے معمول کے چھ ماہ کے مشن کے مقابلے میں مختصر دورانیے کی خلائی پرواز ہوگی۔

اس دوران وہ چینی خلا بازوں کے ساتھ سائنسی تجربات میں حصہ لیں گے۔ چین کی خلائی ایجنسی کے مطابق مشن میں تقریباً 90 تجربات کیے جائیں گے، جن میں پاکستان اور چین کے مشترکہ سائنسی منصوبے بھی شامل ہیں۔ ان میں بائیوٹیکنالوجی اور مٹیریلز سائنس سے متعلق تحقیق شامل ہے۔

مشن مکمل ہونے کے بعد ذیشان علی شینژو۔23 خلائی جہاز کے ذریعے زمین پر واپس آئیں گے۔ ان کے ساتھ خلائی اسٹیشن پر طویل مدت سے موجود چینی عملے کے دو ارکان بھی واپس آئیں گے۔

پاکستان کے لیے یہ مشن کیوں اہم ہے؟

پاکستان کے لیے اس مشن کی اہمیت صرف اس بات تک محدود نہیں کہ اس کا ایک شہری خلا میں جا رہا ہے بلکہ یہ ملک کے خلائی پروگرام میں انسانی خلائی پرواز کے شعبے میں ایک بڑی پیش رفت ہے۔

پاکستان کے پاس فی الحال اپنا انسانی خلائی جہاز یا ایسا راکٹ موجود نہیں جس کے ذریعے پاکستانی خلا بازوں کو آزادانہ طور پر خلا میں بھیجا جا سکے۔ اس لیے اس مشن کے لیے پاکستان کو چین کی ٹیکنالوجی، خلائی جہاز، تربیتی سہولیات اور خلائی اسٹیشن پر انحصار کرنا پڑ رہا ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق دنیا کے تقریباً 50 ملکوں کے شہری اب تک خلا میں جا چکے ہیں، لیکن اپنے تیار کردہ خلائی جہاز کے ذریعے انسانوں کو خلا میں بھیجنے کی صلاحیت اب تک صرف امریکہ، روس اور چین کے پاس ہے۔

چین کی جانب سے پاکستان کو اپنے خلائی اسٹیشن پر خلا باز بھیجنے کا موقع دینا دونوں ملکوں کے درمیان خلائی تعاون میں ایک اہم پیش رفت ہے۔

پاکستان اور چین کے درمیان خلائی شعبے میں تعاون کئی برسوں سے جاری ہے۔ چین پاکستانی سیٹلائٹس کو خلا میں بھیجنے میں مدد فراہم کرتا رہا ہے۔ اس کے علاوہ تقریباً 2028 میں چین کے چانگ ای 8 قمری مشن کے ذریعے پاکستان کا تیار کردہ روور چاند پر بھیجنے کا منصوبہ بھی اس تعاون کا حصہ ہے۔

چین نے 2022 میں اپنے تیانگونگ خلائی اسٹیشن کی تعمیر مکمل کی تھی اور اب وہ اپنے خلائی پروگرام میں دوسرے ملکوں کی شمولیت بڑھا رہا ہے۔ چین کا ہدف 2030 تک اپنے خلا بازوں کو چاند پر اتارنا بھی ہے۔

ذیشان علی اور خرم داؤد کو خراج تحسین

پاکستان کے وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے محمد ذیشان علی کے حتمی انتخاب پر مبارک باد دیتے ہوئے اسے ملک کے لیے قابل فخر موقع قرار دیا ہے۔

احسن اقبال نے خرم داؤد کو بھی خراج تحسین پیش کیا جو حتمی انتخاب تک پہنچنے والے دو پاکستانی امیدواروں میں شامل تھے۔

ان کے مطابق دونوں امیدواروں کا انتخاب پاکستان کے بہترین پائلٹس اور سائنس دانوں میں سے کیا گیا تھا۔ انہوں نے سینٹری فیوج اور سمیولیٹرز کی تربیت، ہنگامی حالات سے نمٹنے کی مشقوں اور نئی زبان سیکھنے سمیت سخت تربیتی مراحل کامیابی سے مکمل کیے۔

اگرچہ حتمی طور پر محمد ذیشان علی کو خلا میں جانے کے لیے منتخب کیا گیا ہے لیکن خرم داؤد کی تربیت اور بطور متبادل خلا باز انتخاب بھی پاکستان کے خلائی پروگرام کے لیے اہم پیش رفت ہے۔

محمد ذیشان علی کا یہ سفر پاکستان کے لیے ایک تاریخی موقع ہے، لیکن اس سے بھی اہم سوال یہ ہے کہ کیا یہ کامیابی مستقبل میں پاکستان کو اپنے خلائی پروگرام میں مزید خودمختاری حاصل کرنے اور انسانی خلائی تحقیق میں اپنا کردار بڑھانے کی طرف لے جا سکے گی؟