وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ملائیشیا کے نیشنل ڈیفنس اسٹڈیز سینٹر کے ہال آف فیم میں شمولیت پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان طویل عرصے سے قائم دوستی اور مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معرکۂ حق کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت اور کردار قابلِ تحسین ہے، جبکہ انہوں نے قومی دفاع کو مضبوط بنانے اور عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔
شہباز شریف نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ یہ اعزاز صرف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی انفرادی کامیابی نہیں بلکہ پاکستان کی مسلح افواج کے بہادر جوانوں اور پاکستانی عوام کی قربانیوں کا اعتراف بھی ہے۔ ان کے مطابق مسلح افواج کی جرأت، پیشہ ورانہ صلاحیتیں اور عوام کی غیر متزلزل حمایت پاکستان کی بڑی طاقت ہیں۔ وزیراعظم نے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو اس اعزاز پر مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے ملائیشیا کے نیشنل ڈیفنس اسٹڈیز سینٹر کے ہال آف فیم میں شمولیت کو سراہتے ہوئے فیلڈ مارشل اور پاک فوج کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بھی فیلڈ مارشل عاصم منیر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ملائیشیا کے ہال آف فیم میں 21ویں رکن کی حیثیت سے ان کی شمولیت پاکستان کے لیے ایک اہم کامیابی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر پاکستان کی عسکری قیادت کو ملنے والا یہ اعتراف ملکی وقار اور مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کی عکاسی کرتا ہے۔
سیاسی قیادت کی جانب سے مبارکباد کے پیغامات میں اس اعزاز کو پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں، مسلح افواج کی خدمات اور بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی کے تناظر میں اہم قرار دیا گیا ہے۔







