صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان نے کہا کہ صوبوں کی تقسیم اور ریفرنڈم کے حوالے سے ان کا مؤقف واضح ہے۔ ریفرنڈم عوام کی رائے جاننے کا ایک آئینی طریقہ ہے اور اس کے ذریعے شہری کسی اہم قومی معاملے پر براہ راست اپنی مرضی کا اظہار کرسکتے ہیں۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم کے حوالے سے آئین میں طریقہ کار موجود ہے، جبکہ دنیا کے تقریباً 60 ممالک میں اہم قومی معاملات پر عوامی رائے حاصل کرنے کے لیے ریفرنڈم کا طریقہ اختیار کیا جاتا ہے۔ ان کے مطابق جب عوام خود کسی معاملے پر فیصلہ کرنے کا اختیار استعمال کرتے ہیں تو اس صورت میں پارلیمان کا کردار نسبتاً محدود ہوجاتا ہے۔
ملک محمد احمد خان نے صوبوں کے اختیارات اور نئی انتظامی تقسیم سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر ان کا مؤقف بالکل واضح ہے اور صوبوں سے متعلق فیصلوں کا اختیار سیاسی جماعتوں کی قیادت کے پاس ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان اس معاملے پر مختلف آرا پائی جاتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی قومی اسمبلی میں صوبوں کی تقسیم کے معاملے پر بات کرتی ہے، جبکہ مسلم لیگ (ن) اس موضوع پر ایوان میں واک آؤٹ کرتی ہے۔ ایسے معاملات کو سیاسی اختلافات کے بجائے سنجیدہ مشاورت کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت ہے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ریفرنڈم کے معاملے پر صوبائی نمائندوں کو محتاط انداز میں گفتگو کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم کی جانب سے یہ مؤقف سامنے آیا ہے کہ ریفرنڈم کے موضوع پر مثبت انداز میں بات کی جاسکتی ہے۔ ملک محمد احمد خان کے مطابق وزیراعظم کی تجویز اہم ہے اور تمام سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر کسی قابلِ قبول حل تک پہنچنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ آئین کی تشریح سے متعلق کسی اختلاف کی صورت میں آئینی طریقہ کار کے تحت سپریم کورٹ سے بھی رجوع کیا جاسکتا ہے۔ اہم قومی معاملات میں آئینی حدود اور قانونی طریقہ کار کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔
مولانا فضل الرحمان سے متعلق سوال پر اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ یہ حکومت کا معاملہ ہے اور فی الحال واضح نہیں کہ حکومت نے اس حوالے سے کس تناظر میں بات کی ہے۔
دوسری جانب بنگلہ دیشی اسپیکر کے دورہ پنجاب اسمبلی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان نے بتایا کہ بنگلہ دیش کے اسپیکر اپنے ملک کی فٹ بال ٹیم کا حصہ بھی رہ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیشی اسپیکر کی پروفائل کا مطالعہ کرکے وہ کافی متاثر ہوئے ہیں۔
ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پارلیمانی روابط کے فروغ کے لیے ایسے دورے اہمیت رکھتے ہیں۔







