جسٹس عمیر مجید ملک نے شہری کی درخواست پر سماعت کی۔ اس موقع پر درخواست گزار کی جانب سے وکیل عادل عزیز قاضی جبکہ الیکشن کمیشن کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ حکم امتناع کے بعد اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول معطل کردیا گیا ہے۔
جسٹس عمیر مجید ملک نے ریمارکس دیے کہ حلقہ بندیوں کا معاملہ ابھی تک حل نہیں کیا گیا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر کسی وارڈ میں صرف دو ووٹرز ہوں تو وہاں انتخابات کیسے ہوں گے؟
درخواست گزار کے وکیل عادل عزیز قاضی نے بھی مؤقف اختیار کیا کہ بعض شہریوں کو معلوم نہیں کہ وہ کس وارڈ میں شامل ہیں۔
جسٹس عمیر مجید ملک نے کہا کہ 2015 کے قانون کے مطابق حلقہ بندیاں کرنا ضروری ہیں۔ عدالت نے الیکشن کمیشن سے استفسار کیا کہ انتخابی شیڈول جاری کرنے کے بعد کیا حلقہ بندیوں میں تبدیلی کی جا سکتی ہے؟
عدالت نے ریمارکس دیے کہ الیکشن کمیشن کو مطمئن کرنا ہوگا کہ حلقہ بندیوں کا عمل مکمل ہوچکا تھا۔ جسٹس عمیر مجید ملک نے یہ بھی کہا کہ 14 اکتوبر کو الیکشن کمیشن کا حکم نامہ جاری ہوا تھا جس میں حلقہ بندیاں مکمل ہونے کا ذکر کیا گیا تھا۔
الیکشن کمیشن کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ادارے نے موجودہ قانون کے مطابق حلقہ بندیاں کی ہیں اور اس حوالے سے چھ مرتبہ عمل مکمل کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن اس معاملے پر تفصیلی حکم نامہ بھی جاری کرچکا ہے، جس میں وجوہات بیان کی گئی ہیں۔
جسٹس عمیر مجید ملک نے ریمارکس دیے کہ اگر الیکشن کمیشن نے کارروائی کی تھی تو اس کے خلاف اپیل دائر کی جا سکتی تھی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ عدالت کو ابھی معلوم نہیں کہ پارلیمنٹ اس معاملے پر کیا فیصلہ کرتی ہے۔
عدالت نے الیکشن کمیشن سے حلقہ بندیوں کے معاملے پر تفصیلی جواب طلب کرتے ہوئے سماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔







