مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سرگودھا کانفرنس کا اعلان برقرار ہے اور ملک کے مختلف علاقوں سے پارٹی کارکنوں اور رہنماؤں کے قافلے جلسے میں شرکت کے لیے روانہ ہوچکے ہیں۔ ان کا الزام تھا کہ انتظامیہ نے اجتماع کو روکنے کے لیے سرگودھا، خوشاب اور دیگر اضلاع میں جے یو آئی کے کارکنوں کو گرفتار کرنا شروع کردیا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا کہ پارٹی کے مرکزی ناظم عمومی مولانا عبدالغفور حیدری اور پنجاب کے صوبائی امیر مولانا امجد خان کو بھی نظر بند کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کارکنوں اور حامیوں سے اپیل کی کہ وہ ان اقدامات کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کریں اور اپنے جمہوری و سیاسی حقوق کے تحفظ کے لیے آواز بلند کریں۔

جے یو آئی سربراہ کا کہنا تھا کہ پارٹی جلسے پر پابندی، کارکنوں کی گرفتاریوں، مبینہ تشدد اور قیادت کی نظر بندی کے خلاف احتجاج کر رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان اقدامات کے باوجود کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ برقرار ہے اور ملک بھر میں مظاہرے کیے جائیں گے۔

دوسری جانب سرگودھا میں جلسے کے موقع پر موٹرویز اور شہر کی جانب آنے والے بعض راستوں کی بندش نے بھی صورتحال کو مزید اہم بنا دیا ہے۔ جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری نے الزام عائد کیا ہے کہ پنجاب انتظامیہ سرگودھا کانفرنس کو ناکام بنانے کے لیے مختلف ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے، سرگودھا جانے والے راستے بند کیے گئے ہیں اور دھند کو جواز بنا کر موٹروے کی بندش برقرار رکھی گئی، جبکہ مختلف مقامات پر پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔

تاہم موٹروے پولیس کی جانب سے جاری ٹریول ایڈوائزری میں بتایا گیا کہ موٹروے ایم ٹو پر کوٹ مومن انٹرچینج صبح ساڑھے گیارہ بجے سے شام ساڑھے پانچ بجے تک چھ گھنٹوں کے لیے بند رکھا گیا۔ ایس پی انویسٹیگیشن سرگودھا عمران عباس چدھڑ نے بی بی سی اردو سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کوٹ مومن انٹرچینج اعلیٰ حکام کی ہدایات پر بند کیا گیا ہے اور صورتحال معمول پر آنے کے بعد اسے دوبارہ کھول دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ جمعرات کی صبح پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کے باعث موٹروے ایم ٹو سمیت مختلف موٹرویز کے متعدد حصے بند کیے گئے تھے۔ موٹروے پولیس کے مطابق حدِ نگاہ بہتر ہونے پر دوپہر کے وقت بیشتر بند راستے دوبارہ کھول دیے گئے تھے۔ اس صورتحال میں کوٹ مومن انٹرچینج کی مخصوص اوقات میں بندش سے متعلق جے یو آئی نے انتظامیہ پر جلسے میں رکاوٹ ڈالنے کا الزام عائد کیا ہے، جبکہ حکام کی جانب سے اس بندش کی وجہ اعلیٰ حکام کی ہدایات بتائی گئی ہے۔

اس سے قبل سرگودھا کی ضلعی انتظامیہ نے مولانا فضل الرحمان سمیت 9 مذہبی رہنماؤں کے ضلع میں داخلے پر ایک ماہ کے لیے پابندی عائد کردی تھی۔ ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ان افراد کے سرگودھا میں داخل ہونے، رہائش اختیار کرنے اور قیام کرنے پر پابندی ہوگی۔

پابندی کی زد میں آنے والے دیگر افراد میں مولانا نصیر احمد ابرار، مولانا امجد خان، مولانا صفیع اللہ، پروفیسر غضنفر عزیز، مولانا محمد نور خان، مولانا محمد زکریا شاہ، مولانا محمد یحییٰ اور مولانا محمد جمیل عبد الناصر شامل ہیں۔

انتظامیہ نے ان احکامات کی وجہ ضلعی پولیس کی رپورٹ اور امن و امان سے متعلق خدشات کو قرار دیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ متعلقہ افراد کے سابقہ خطابات میں اشتعال انگیز اور قابل اعتراض گفتگو کا ریکارڈ موجود ہے، جس سے امن عامہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

اس کے علاوہ ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری نے ایک علیحدہ حکم نامے کے ذریعے ضلع کے 19 مقامی علما اور مذہبی رہنماؤں کی تقاریر پر بھی پابندی عائد کی ہے۔ ان میں سرگودھا تحصیل کے 11، کوٹ مومن کے 5، سلانوالی کے 2 اور شاہ پور کا ایک عالم شامل ہے۔ یہ پابندی فوری طور پر نافذ العمل کرتے ہوئے 30 روز کے لیے عائد کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ سرگودھا میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے 23 نومبر کو بھی دفعہ 144 نافذ کی گئی تھی، جس کے تحت سات روز کے لیے عوامی اجتماعات، جلسوں، جلوسوں، ریلیوں، دھرنوں اور مظاہروں پر پابندی عائد ہے۔

ان تمام پابندیوں کے باوجود جے یو آئی نے آج 26 نومبر کو فاطمہ جناح روڈ سرگودھا میں ’تحفظ آئین پاکستان و عوامی حقوق کانفرنس‘ منعقد کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ پارٹی ترجمان حافظ غضنفر عزیز کے مطابق کانفرنس کی تیاریاں مکمل ہیں اور مختلف علاقوں سے قافلے سرگودھا کی جانب روانہ ہیں۔ مرکزی قافلے کی قیادت مولانا فضل الرحمان اور صوبائی سیکرٹری جنرل حافظ نصیر احمد ابرار کریں گے، جبکہ دوسرے قافلے کی قیادت مولانا عبدالغفور حیدری، انجینئر ضیاء الرحمان اور مولانا امجد خان کریں گے۔

جے یو آئی پنجاب کے ترجمان نے کارکنوں سے پرامن رہنے اور کسی قسم کے اشتعال میں نہ آنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اپنی آئینی اور قانونی جدوجہد جاری رکھے گی۔ ان کے مطابق کانفرنس کا مقصد آئین کی بالادستی، قانون کی عملداری، جمہوری اقدار کے تحفظ اور قومی معدنی وسائل پر عوام کا حق تسلیم کرانا ہے۔